شہروں میں صفائی کی صورتحال میں نمایاں بہتری لائی جائے :کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق شہریوں کو بنیادی ضروریات کی فراہمی کے احکامات جاری کر دئیے۔ڈویژن کے تمام بلدیاتی اداروں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ شہروں میں صفائی کی صورتحال میں نمایاں بہتری لائی جائے اور کہیں بھی کھلے یا بغیر کور کے مین ہولز نہیں ہونے چاہئیں۔یہ ہدایات انہوں نے اپنے دفترمیں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ،چیف آفیسر کارپوریشن اشفاق احمد،اے سی جنرل علیزہ ریحان سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ صاف ستھرا ماحول ہر شہری کا بنیادی حق ہے جس کے لئے بلدیاتی ادارے بھرپور محنت کریں۔انہوں نے کہا کہ وال چاکنگ اور تجاوزات کو بھی برداشت نہیں کیا جائے گا اس لئے ان دونوں سماجی برائیوں کے خاتمے کیلئے بھی بھرپور مہم چلائی جائے۔کمشنر شعیب اقبال سید نے ڈویژن کے تمام بلدیاتی افسران کو 15دن کے اندر اندر نمایاں تبدیلی لانے کی ہدایت کی۔انہوں نے ڈویژن کے تمام بڑے شہروں میں موسم بہار کی مناسبت سے پھولوں کی نمائش یا دوسری تفریحی سرگرمیاں منعقد کرانے کی بھی ہدایت کی۔