جیلوں میں قیدیوں کو ہنر مند بنانے کیلئے شب و روز کوششیں جاری ہیں:میاں فاروق نذیر

لاہور(مرزا ندیم بیگ )آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر پنجاب نے قیدیوں کے حوالے سے روزنامہ ”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیلوں میں خود انحصاری اور قیدیوں کو ہنر مند بنانے کیلئے شب و روز کوششیں جاری ہیں۔ پہلے مرحلے میں پنجاب کی 10 جیلوں میں ٹف ٹائل بنانے کیلئے قیدیوں کی سنٹرل جیل فیصل آباد سے تین ماہ کی ٹریننگ مکمل کر لی گئی ہے۔شیخو پورہ ، فیصل آباد ، ملتان ، قصور ، مظفر گڑھ ، گوجرانولہ ، جھنگ ، بہاولپور ، اٹک ، ڈی جی خان اور جہلم جیل میں ٹف ٹائل بنانے کا کام تیزی سے جاری ہے اس سے جیلوں میں بھی فائدہ ہو رہا ہے کیونکہ ان ٹائلوں سے جیلوں کے کچے راستے اور راہداریوں کو پختہ کیا جا رہا ہے۔مستقبل قریب میں کمرشل بنیادوں پر ٹف ٹائل بنانے کا دائرہ کار باقی جیلوں تک بھی پھیلا دیا جائیگا۔یہ ٹائلیں معیاری اور مارکیٹ سے ستر فیصد کم لاگت پر تیار کی جا رہی ہیں ، جس سے نہ صرف سرکاری خزانے پر بوجھ کم کیا جا رہا ہے بلکہ اسیران کو معیاری ہنر سے بھی نوازا جا رہا ہے تاکہ رہائی پانے کے بعد قیدی ایک باعزت روزگار کمانے کے ساتھ ساتھ منفی سرگرمیوں سے بھی دور رہیں،آئی جی جیل خانہ جات کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ ٹف ٹائل بنانے والے اسیران کو انکی سزا میں معافی کے ساتھ ساتھ ٹف ٹائل کی فروخت سے حاصل ہونے والی بچت میں سے بھی حصہ دیا جائے گا ، اس طرح اسیران مالی فائدہ حاصل کر سکیں گے۔ قیدیوں کے علاوہ حوالاتی بھی اس ہنر کو سیکھ کر اس سے مستفید ہو سکیں گے۔