ولہ را روڈ جوہڑ میں تبدیل ،وبائی امراض پھوٹ پڑے

فیصل آباد: ( صداقت علی سے ) ترقیاتی اداروں کی غفلت اور نااہلی کے باعث جڑانوالہ روڈ پر واقع ولہ را روڈ تباہی و بربادی کا شاہکار بن گیا ، واسا حکام کی مسلسل غفلت سے سیوریج اور مقامی فیکٹریوں کا کیمیکل زدہ تیزابی پانی کھڑا ہونے سے نہ صرف سڑک جوہڑ میں تبدیل ہو چکی بلکہ علاقہ مکین سانس اور جلدکے امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔

سڑک پر پانی کھڑا رہنے سے علاقے میں ڈینگی مچھر کی بھی افزائش ہو رہی ہے، علاقہ مکینوں کی درخواستوں کے باوجود واسا اورمیونسپل کارپوریشن حکام مسئلہ حل کرنے سے چشم پوشی کر رہے ہیں، صورتحال میں نواحی آبادیوں کے مکینوں کا ولہ را روڈ سے گزرنا محال ہو چکا اور پانی میں گر کر متعدد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

، علاقہ مکینوں نے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی ، کمشنر فیصل آباد سلوت سعید اور ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیر سے مطالبہ کیا ہے فوری طور پر ولہ را روڈ پر سیوریج سسٹم درست کر کے پانی کی نکاسی کا انتظام کیا جائے اور رہائشی علاقے میں غیر قانونی طور پر قائم فیکٹریاں یہاں سے باہر منتقل کی جائیں ، علاقہ مکینوں نے وارننگ دی ہے اگر مطالبات تسلیم نہ ہوا تو وہ ضلع کونسل چوک میں احتجاجی مظاہرہ کریں گے ۔