عام انتخابات کیلئے ٹرانسپورٹ اورسکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی : کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) ساہیوال ڈویژن میں جمعرات کو عام انتخابات کرانے کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں جس میں قومی اسمبلی کی9اور صوبائی اسمبلی کی 20 نشستوں کیلئے 50 لاکھ 31 ہزار سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ الیکشن کمیشن نے ان انتخابات کیلئے3608پولنگ سٹیشن قائم کئے ہیں۔ انتظامات کا تفصیلی جائزہ لینے کیلئے کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں آرپی او محبوب رشید، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز/ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز اکرام الحق، ڈاکٹر ذیشان حنیف، سعدیہ مہر، ریجنل الیکشن کمشنر سید باسط علی شاہ اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز نے بھی شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے ہدایت کی کہ عام انتخابات میں حائل رکاوٹوں کو فوری دور کرنے کیلئے انتظامیہ، پولیس اور الیکشن کمیشن قریبی رابطہ رکھیں اور فیلڈ میں پیش آنے والی مشکلات کو فوری دور کریں۔ انہوں نے ڈویژن کے تمام 278 انتہائی حساس پولنگ سٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ عملے کو انتخابی میٹریل 7فروری کو ہیڈاوور کر کے انہیں خصوصی بسوں میں پولنگ سٹیشنوں تک پہنچایا جائیگاجس کیلئے ٹرانسپورٹ پلان اورسکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ عملے کی ٹرانسپورٹیشن کیلئے1258گاڑیاں حاصل کی گئی ہیں جبکہ سیکیورٹی ڈیوٹی کیلئے5911 پولیس اہلکار موجود ہونگے،اس کے علاوہ رینجرز اور فوج کے دستے بھی سٹینڈ بائی رہیں گے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے تمام ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ پرامن پولنگ کیلئے الیکشن کمیشن کی طرف سے تفویض کئے گئے اختیارات بے جھجک استعمال کئے جائیں تاکہ کسی کو بھی ہنگامہ آرائی کی جرا¿ت نہ ہو۔