آئی جی پنجاب کا سیف سٹی کیمروں کی تنصیب کا جائزہ

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس سیف سٹیز پراجیکٹ میں شامل ہونے والے نئے شہروں کو آئی ٹی ٹیکنالوجی بیسڈ مانیٹرنگ سسٹم سے محفوظ بنانے کیلئے مقامی وسائل پر انحصار کر رہی ہے، پائیدار، معیاری اور کم لاگت سی سی ٹی کیمرہ سسٹم سے غیر ملکی کمپنیوں کی اجارہ داری اور تاخیری حربوں سے نجات ملے گی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے شہروں کی سیف سٹی اتھارٹی مانیٹرنگ سسٹم پر منتقلی جلد از جلد یقینی بنائی جائے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے آج پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی ہیڈ کوارٹرز میں اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ دریں اثناءڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پولیس ملازمین کے مسائل کا ازالہ اور پیشہ ورانہ امور سے متعلقہ معاملات پر بہترین ویلفیئر ترجیحات میں شامل ہے لہذا ملازمین کی جانب سے پیش کی گئی ڈسپلن، ویلفیئر، ریکروٹمنٹ اور سروس امور سے متعلقہ درخواستوں پر میرٹ کے مطابق ہر ممکن ریلیف دیا جائے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ تمام سپروائزری افسران ماتحت ملازمین کیلئے اپنے دفاتر کے دروازے ہمیشہ کھلے رکھیں اور انہیں درپیش ہر مسئلہ کے حوالے سے ریلیف دیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ کھلی کچہری میں ہدایات دیتے ہوئے کیا۔ علاوہ ازیں آئی جی پنجاب کی جانب سے غازی افسران و اہلکاروں کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے ترجیحی اقدامات جاری ہیں جس کے تسلسل میں آئی جی پنجاب نے لاہور سمیت مختلف اضلاع کے 09 اہلکاروں کے طبی اخراجات کیلئے مزید 17 لاکھ روپے جاری کر دئیے ہیں۔