راولپنڈی: (بیورو رپورٹ) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے پاکستان اپنی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرےگا۔ سوشل میڈیا پرپروپیگنڈا کا مقصد بے یقینی، افرا تفری، مایوسی پھیلانا ہے، خبروں کی تحقیق بہت ضروری ہے، افواج ہر قسم کے خطرے و سازش کےخلاف ہمہ دم تیار ہیں، پاکستان ہے تو ہم ہیں، پاکستان نہیں تو کچھ بھی نہیں۔
سربراہ پاک فوج جنرل سید عاصم منیر نشان امتیاز (ملٹری) نے جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ”پاکستان نیشنل یوتھ کانفرنس“ سے تاریخی خطاب کرتے ہوئے کہامستقبل کے معماروں، اقبال کے شاہینوں سے مخاطب ہو کر انتہائی خوشی محسوس کر رہا ہوں، پاکستان بنانے کا مقصد تھا مذہب، تہذیب و تمدن ہر لحاظ سے ہندووں سے مختلف ہے، نہ کے مغربی تہذیب و تمدن کو اپنا لیں،نوجوانوں کو وطن، قوم، ثقافت و تہذیب و تمدن اور اپنے آپ پر بے پناہ اعتماد ہونا چاہیے۔
جنرل سید عاصم منیر نے کہانوجوانوں کو یقین ہونا چاہئے وہ عظیم وطن و قوم کے سپوت ہیں، نوجوان ملک وقوم کی روشن روایات، اقبال و قائد کے خوابوں کی تعبیر کے امین ہیں، دہشت گردوں کیخلاف تو افواج پاکستان لڑ سکتی ہیں مگر پوری قوم کا تعاون ضروری ہے۔
آرمی چیف نے کہاسوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کا مقصد بے یقینی، افرا تفری، مایوسی پھیلانا ہے ،خبروں کی تحقیق بہت ضروری ہے،تحقیق و مثبت سوچ کے بغیر معاشرہ افراتفری کا شکار رہتا ہے،اللہ تعالیٰ قرآن مجید میں فرماتے ہیں ”اے ایمان والو! اگر کوئی فاسق تمہارے پاس کوئی خبر لے کر آئے تو تصدیق کرلو“، پاکستان کے قیام کی ریاست طیبہ سے مماثلت ہے ،دونوں کلمے کی بنیاد پر قائم ہوئی، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے پناہ معدنی وسائل، زراعت اور نوجوان افرادی قوت جیسی نعمتوں سے نوازا ہے۔
سربراہ پاک فوج نے کہامسلمان مشکل میں صبر اور آسانی میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہے، افواج ہر قسم کے خطرے و سازش کےخلاف ہمہ دم تیار ہیں،پاکستان ہے تو ہم ہیں، پاکستان نہیں تو کچھ بھی نہیں ہیں، اپنی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، پاکستان کے روشن مستقبل پر کامل یقین اور اسلاف کی میراث کو قائم رکھنا ہے۔
آرمی چیف نے نوجوانوں کو امید کا پیغام دیتے ہوئے منفی سوچوں کو رد ،نظم و ضبط، انتھک محنت اور علم کی جستجو سے قوم کی خدمت کرنے کی تاکید کی اور توانائی، افرادی قوت، معدنیات، انفارمیشن ٹیکنالوجی و زراعت کے شعبے میں ترقی کی وسیع استعداد پر روشنی ڈالی۔
جنرل سید عاصم منیر نے پاکستان کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کیلئے ملی یکجہتی و بھائی چارے کی اہمیت پر زور دیا۔ دہشت گردی کےخلاف جنگ میں قوم کی عظیم قربانیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے نوجوانوں کو دشمنوں کی قوم کو تقسیم کرنے کی سازشوں سے بچنے کی تلقین کی اور کہا کہ ملکی ترقی ملی یکجہتی کے بغیر ممکن نہیں۔ آرمی چیف نے پوری قوم کے تعاون سے سرحدوں کی ہر قسم کے خطرے اور دشمنوں سے حفاظت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
طلبا نے خطاب کے دوران پاک فوج زندہ باد ، پاکستان زندہ باد اور قائداعظم زندہ باد کے نعرے لگائے۔
فوج ہر خطرے، سازش کےخلاف ہمہ دم تیار ،پاکستان اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرےگا، آرمی چیف



















