نمونیہ کیسز کی مانیٹرنگ،سرکاری ہسپتالوں میں ویکسین یقینی بنا دی،جاوید اکرم

لاہور: ( ہیلتھ رپورٹر) نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے مقامی ہوٹل میں ذیابیطس پر قابو پانے کیلئے آگاہی سیمینار میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی،نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو بھی کی،آگاہی سیمینار میں پروفیسر ڈاکٹر آفتاب محسن، موڈریٹر ڈاکٹر عنیبہ سید، پروفیسر ڈاکٹر اسرار الحق، پروفیسر ڈاکٹر ظہیر اختر، ڈاکٹر ریچرڈ پراٹلے، ڈاکٹر امتیاز حسن و دیگر نے شرکت کی۔

نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہامفید اور صحت مند دوائی ہر مریض کا بنیادی حق ہے، ذیابیطس سے بچنے کیلئے ہمیں صحت مند لائف سٹائل اپنانا ہوگا، ہمیں اپنے روز مرہ زندگی میں صحت مند کھانے کو ترجیح دینی چاہئے، ورزش کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ ضرور بنائیں۔

پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے میڈیا نمائندگان کے سوالات کے جوابات دےتے ہوئے کہاپنجاب میں انسانیت کے مجرم اور دشمن اتائیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کر رہے ہیں،پنجاب میں نمونیہ کے کیسز کو مانیٹر کیا جا رہا ہے اورسرکاری ہسپتالوں میں نمونیہ کی ویکسین کو یقینی بنایا جا رہا ہے علاوہ ازیں نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے چلڈرن ہسپتال لاہور کا تفصیلی دورہ کیا، پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے چلڈرن ہسپتال لاہور میں داخل بچوں کی عیادت کی اور ری ویمپنگ منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا،پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے دورہ کے دوران کنٹریکٹرز سے ملاقات کرکے مقررہ وقت پر ری ویمپنگ منصوبے کو تکمیل کرنے کی ہدایت کی۔