کوئی الیکشن جیل سے بچاﺅ تو کوئی نکلنے کیلئے لڑرہا ہے،،بلاول

تاندلیانوالہ،فیصل آباد:(بیورورپورٹ،نمائندہ مشرق)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاو ل بھٹو زرداری نے کہاہے کوئی الیکشن جیل سے بچاﺅ تو کوئی نکلنے کیلئے لڑرہا ہے،وزیراعظم،وزیراعلیٰ جیالے بنیں گے۔

تاندلیانوالہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا ایک بار پھر جیالے کو وزیراعلیٰ ،وزیراعظم بنانا ہے، آپ کا ساتھ مانگنے آیا ہوں،عوام کی قسمت تبدیل ، معاشی بحران سے نکلیں گے، مہنگائی،بیروزگاری ،غربت کا مقابلہ کریں گے اگر کوئی کام کرسکتا ہے تو صرف پیپلز پارٹی ہے،باقی سیاسی جماعتوں کے پاس کوئی منشور نہیں، 10نکاتی ایجنڈا پیش کردیا،پیپلز پارٹی کو جتوائےں تو عمل کر ونگا۔

چیئرمین پی پی نے کہاگھر گھر جاکر بتائیں آمدن ،تنخواہ ڈبل کریں گے، پیپلز پارٹی کی حکومت میں 300یونٹ مفت بجلی ،تعلیم فری ہوگی، یونیورسٹی قائم کروں گا،پنجاب کے لوگ جب بیمار ہوتے ہیں تو لندن جانا پڑتا ہے، آپ میری حکومت بنوائیں ایسی صحت کی سہولت دیں گے لندن نہیں جانا پڑے گا،دل کے علاج کا یہیں بندوبست کردیں گے،مزدوروں کو بینظیر مزدور کارڈ دلوانا ہے، مزدور کے بچے کی تعلیم ،روزمرہ ضرورت کی چیزیں پوری کریں گے، سٹوڈنٹس کو یوتھ کارڈ، قرض دلوائیں گے جب نوجوانوں کو روزگار مل جائے گا تو وہ قرض واپس کردیں گے۔

بلاول بھٹو نے کہانفرت،تقسیم ،پرانی سیاست کو دفن کرکے نئی سوچ لیکر آنی ہے، نئی سوچ سے مسائل کا مقابلہ کریں گے،پنجاب کی ہر کچی آبادی کو ریگولرائز ، مالکانہ حقوق دیں گے،عوام میرا ساتھ دیں تو کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ڈیفنس میں سابق گورنر پنجاب چودھری سرور کی رہائش گاہ آمد ہوئی،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سابق گورنر پنجاب چودھری سرور سے بھائی چودھری رمضان کے انتقال پر تعزیت کی، بلاول بھٹو نے چودھری سرور کے بھائی کے بلندی درجات کے لئے فاتحہ خوانی اور لواحقین کےلئے صبر جمیل کی دعا کی،بلاول بھٹو نے چودھری سرور سے این اے 127 میں پاکستان پیپلزپارٹی کی حمایت پر شکریہ ادا کیا، چیئرمین پیپلز پارٹی اور سابق گورنر پنجاب کی ملاقات کے موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کے جنرل سیکرٹری نیئر بخاری موجود تھے۔