فیض آباد دھرنا کمیشن میں پیشی،بیان ریکارڈ،کارروائی اوپن ہونی چاہیے،خواجہ آصف

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)سیالکوٹ سے ن لیگ کے امیدوار وسابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے فیض آباد دھرنا کمیشن کو بیان ریکارڈ کرادیا۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم شہباز شریف تا حال کمیشن کے سامنے پیش نہیں ہوئے ، شہباز شریف وکیل کے ذریعے بیان جمع کرائیں گے،پیشی کے بعد خواجہ آصف نے کہا عوام کو معلوم ہونا چاہیے 75 سال تک ملک کے ساتھ کیا کھلواڑ ہوا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں سابق وزیر دفاع نے کہا میں فیض آباد دھرنا کمیشن کے سامنے پیش ہوا اور اپنا بیان ریکارڈ کرایا،کمیشن میں میرا بیان نامکمل رہا جو جلد مکمل ہو جائےگا،میری ر ائے ہے فیض آباد دھرنا کمیشن کی کارروائی اوپن ہو اور میڈیا کوریج کی جائے،خواجہ آصف نے کہاوطن عزیز میں آج تک جتنے بھی کمیشن بنے کوئی نتیجہ نہیں نکلا، نتائج بھی عوام کے سامنے نہیں آئے،اب وقت آگیا اپنے گناہوں کا سامنا کریں اور کفارہ ادا کریں۔