شہریوں سے خوش اخلاقی ناگزیر، ٹریفک قوانین کی پاسداری یقینی بنائی جائے :آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس کی تمام فیلڈ فارمیشنز میں میرٹ اور سنیارٹی کے مطابق محکمانہ ترقیوں کا عمل جاری ہے جس کے تسلسل میں لاہور ٹریفک پولیس کے 37 اسسٹنٹس کو سینئر ٹریفک اسسٹنس کے عہدے پر ترقی دیدی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ٹریفک پولیس کے 37 اسسٹنٹس کو پہلی بار محکمانہ ترقی دی گئی،ترقی پانے والے ٹریفک اسسٹنٹس کو رینک لگانے کی تقریب سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوئی جس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کی ٹریفک پولیس کے یونیفارم میں تقریب میں شرکت کی۔آئی جی پنجاب نے 2023 میں بہترین کارکردگی کے حامل 20 ٹریفک افسران و اہلکاروں میں نقد انعامات اور تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔آئی جی پنجاب نے ترقی پانے والے ٹریفک اسسٹنٹس کو محکمانہ ترقی پر مبارکباد دی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ ٹریفک اسسٹنٹس کو محکمانہ ترقیاں ملنے سے پوری ٹریفک فورس کا مورال بلند ہوا ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ ٹریفک اہلکار محکمانہ ترقی کا فائدہ پہلے سے زیادہ اچھی پرفارمنس کی صورت شہریوں کو منتقل کریں۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ دوران ڈیوٹی شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔ دوسری طرف آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پولیس ملازمین کے ساتھ ساتھ انکے اہل خانہ کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے اقدامات جاری ہیں جس کے تسلسل میں آئی جی پنجاب نے لاہور سمیت مختلف اضلاع کے پولیس ملازمین کو بچوں کے علاج کیلئے مزید 20 لاکھ روپے سے زائد رقم جاری کردئیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس کے کانسٹیبل توصیف اکرم کو چار سالہ بیٹے محمد ہادی کے کوکلئیر امپلانٹ کیلئے 15 لاکھ روپے جاری کئے گئے، کوکلیئر امپلانٹ سرجری کے بعد چار سالہ محمد ہادی سننے کے قابل ہوجائے گا اور نارمل بچوں کی طرح اپنی زندگی گذارے گا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ اے ایس آئی محمد حنیف کو پانچ سالہ بیٹی مناہل کے عارضہ قلب کے علاج کیلئے 03 لاکھ روپے دئیے گئے،کانسٹیبل بلال اکبر کو تین سالہ بیٹے محمد حسین کے تھیلیسیمیا کے علاج کیلئے ڈیڑھ لاکھ روپے دئیے گئے جبکہ لیڈی کانسٹیبل افشاں نواز کو تین سالہ بیٹے ابو بکر کے علاج کیلئے 70 ہزار روپے دئیے گئے ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر ریاض نذیر گاڑا کی زیر صدارت ویلفیئر مینجمنٹ کمیٹی نے مذکورہ بالا کیسز کی منظوری دے کر فنڈز اجراءکیلئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی بھجوائے تھے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ ہمارے پھول پراجیکٹ کے تحت پولیس ملازمین کے بچوں کے ساتھ ساتھ انکی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے اقدامات جاری رکھے جائیں اور صحت مسائل سے دوچار ملازمین کی معاونت کیلئے بھرپور تعاون کیا جائے۔