بھل صفائی کا مقصد ٹیل کے کاشتکاروں تک بھی پانی پہنچانا ہے:کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر ساہیوال ڈویژن میں بھل صفائی کا کام جاری ہے جس دوران لوئر باری دوآب سے نکلنے والی نہروں کی صفائی کی جارہی ہے۔ بھل صفائی کا مقصد نہری پانی کو ضائع ہونے سے بچانا اور ٹیل کے کاشتکاروں تک بھی پانی پہنچانا ہے تاکہ زرعی پیداوار میں اضافہ ہو۔ محکمہ اریگیشن کے افسران کو چاہیے کہ وہ اس قومی مہم کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں اور محکمہ زراعت اور کاشتکاروں کے ساتھ بھی قریبی رابطہ رکھیں۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں بھل صفائی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر اور اے سی جنرل علیزہ ریحان سمیت اریگیشن، زراعت اور واٹر مینجمنٹ کے ڈویژنل و ضلعی افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں رہیں اور جاری کام کی ذاتی طور پر نگرانی کریں۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر بھل صفائی کے کام کا جائزہ لیں اور درپیش مشکلات کو فوری دور کریں تاکہ اسے خوش اسلوبی سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔ کمشنر ساہیوال نے محکمہ اریگیشن کے افسران کو آنے والے مہینوں میں نہری پانی کی چوری روکنے کیلئے بھی قابل عمل میکنیزم مرتب دینے کی ہدایت کی۔ دریں اثناءصوبائی حکومت نے بھل صفائی کے جاری کام کی مانیٹرنگ کیلئے ڈویژنل، ضلعی اور تحصیل کی سطح پر مانیٹرنگ کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں جن کی سربراہی بالترتیب کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کریں گے جبکہ اریگیشن اور واٹر مینجمنٹ محکموں کے افسران کمیٹیوں کے ممبران ہیں۔ دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے بعض شہریوں کی طرف سے صاف پانی کی فراہمی کے کنکشن نہ لگوانے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اربوں روپے کی خطیر رقم سے ساہیوال کے باسیوں کو صاف پانی کی دستیابی کا بڑا منصوبہ مکمل کر رہی ہے تاکہ آلودہ پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے انہیں بچایا جا سکے۔ میونسپل کارپوریشن کنکشن نہ لگوانے والے شہریوں کو نوٹسز جاری کرے اور انہیں بھاری جرمانہ بھی عائد کیا جائے۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں میونسپل کارپوریشن اور پسپ پروگرام کے روزانہ جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد، اے سی جنرل علیزہ ریحان، پسپ پروگرام کے سٹی منیجر اسجد خان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔ سٹی منیجر پسپ نے بتایا کہ اب تک یونین کونسل نمبر7(محلہ نور پارک) میں 1879، یونین کونسل نمبر8(غلہ منڈی) میں 2119، یونین کونسل نمبر9(عنائت الٰہی کالونی) میں 1678اور یونین کونسل 11(جہاز گرا¶نڈ) میں 3936کنکشن فراہم کر دیے گئے ہیں۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے پرانے اور نئے ٹیوب ویلز کو روزانہ مختص اوقات میں چلانے کی بھی ہدایت کی تاکہ شہریوں کی پانی کی ضروریات پوری ہو سکیں۔ دریں اثناءکمشنر شعیب اقبال سید کی ہدایت پر ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ نے مشن چوک، مال منڈی چوک سمیت مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور صفائی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سینٹری سٹاف کی حاضری بھی چیک کی۔