راولپنڈی،لاہور :(بیورورپورٹ،کرائم رپورٹر)شرپسندوں سے ہسپتال بھی محفوظ نہیں ، سانحہ 9 مئی کی ایک اور ویڈیو ناقابل تردید شواہد کےساتھ منظر عام پر آگئی،خصوصی جماعت کے تخریب کاروں کی شرپسندی سے ہسپتال تک محفوظ نہیں رہے۔
ویڈیو میں مخصوص سیاسی جماعت کے شرپسند عناصر آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی راولپنڈی (دل کے ہسپتال) پر شرمناک انداز میں دھاوا بولتے نظر آ رہے ہیں،ہسپتال کے اندر اور باہر توڑ پھوڑ اور آگ کی وجہ سے پھیلے دھوئیں کے دل خراش مناظر ویڈیو میں صاف دکھائی دے رہے ہیں۔
سی سی ٹی وی میں شرپسند عناصر قیمتی طبی آلات اور ہسپتال کے دیگر ساز و سامان کو نقصان پہنچاتے اور لوٹ مار کرتے واضح نظر آرہے ہیں،شرپسندوں کا جتھا موٹر سائیکلوں اور کھڑی گاڑیوں کو آگ لگاتا بھی دیکھا جا سکتا ہے، ویڈیو میں صاف نظر آرہا ہے کہ بلوائیوں نے نشان حیدر حاصل کرنےوالے شہداءکی تصاویر سے مزئین دیواروں اور کمروں کو بھی نہیں بخشا، باغیانہ نعرے لگاتے ہوئے خصوصی جماعت کے تخریب کاروں نے آرمی ویلفیئر ٹرسٹ راولپنڈی کی بلڈنگ کو بھی نشانہ بناتے ہوئے آگ لگائی، ہسپتال اور فلاحی ادارے پر براہ راست حملہ خصوصی جماعت کی شرپسندی کی پست ترین مثال ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، واضح شواہد کے بعد ملوث افراد کو قوانین کے مطابق مثالی سزائیں وقت کا اہم ترین تقاضا ہے۔
دوسری جانب پولیس نے 9مئی کے گرفتار نہ ہونے والے 282اشتہاریوں کی گرفتاری کےلئے ایک بار پھر کریک ڈاﺅن کا آغاز کردیا،لاہور پولیس کی آپریشنز اور انویسٹی گیشن ونگ ٹیموں کو ٹاسک سونپ دیا گیا،پولیس کے مطابق 9 مئی کے واقعات پر لاہور میں 14مقدمات دہشتگردی اور 49مقدمات دیگر سنگین دفعات کے تحت درج ہوئے، لاہور پولیس نے 1035ملزمان دہشتگردی کے مقدمات جبکہ 884ملزمان دیگر مقدمات میں گرفتار کیے تھے، دہشتگردی کے مقدمات میں اب تک جیلوں میں 741ملزمان جوڈیشل ہوئے جبکہ دیگر مقدمات میں 318ملزمان کو حوالات جوڈیشل میں رکھا گیا۔
پولیس کے مطابق باقی تمام ملزم ضمانتوں پر ہیں یا مقدمات سے ڈسچارج کیے گئے ،لاہور پولیس نے مقدمات میں اب تک گرفتار نہ والے ملزموں کےخلاف کریک ڈان کا آغاز کردیا، لاہور پولیس کے حکام کے مطابق اب تک کی تحقیقات میں مزید 382 ملزمان کی گرفتاری مطلوب ہے جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
شرپسندوں سے ہسپتال بھی محفوظ نہیں ، سانحہ 9 مئی کی ایک اور ویڈیو وائرل
















