چلڈرن ہسپتال کا دورہ،شکایات کے انبار،رپورٹس میں تاخیر پر ہسپتال انتظامیہ کےخلاف کارروائی ہو گی:محسن نقوی

لاہور(خبر نگا ر)وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال کا اچانک دورہ کیا، زیر علاج بچوں کے والدین نے سی ٹی سکین اور ایم آر آئی کی رپورٹس تین تین روز بعد دینے کے حوالے سے شکایات کے انبار لگا دیئے،شکایات کی فوری تصدیق کے بعد وزیر اعلی محسن نقوی نے موقع پر ایکشن لیتے ہوئے سیکر ٹری صحت کو فون کیا اور ہدایات جاری کیں کہ پنجاب بھر کے ہسپتال 24گھنٹے میں سی ٹی سکین اور ایم آر آئی کی رپورٹس مریضوں کو دینے کے پابند ہوں گے، سی ٹی سکین اور ایم آر آئی کی رپورٹس تاخیر سے دینے والے ہسپتال کی انتظامیہ کےخلاف کارروائی ہو گی، سی ٹی سکین اور ایم آر آئی کی رپورٹس میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کروں گا اور رپورٹس کی مریضوں کو بروقت فراہمی کے عمل کو ہر سطح پر مانیٹر کیا جائےگا، محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال کے مختلف وارڈز کا دورہ کیا اور زیر علاج بچوں کی عیادت کی اور ہسپتال میں علاج معالجہ کی سہولتوں کا جائزہ لیا، انہوں نے زیر علاج بچوں کی ماں سے ہسپتال میں فراہم کردہ طبی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا،وزیر اعلی نے ہسپتال انتظامیہ کو زیر علاج بچوں کے علاج معالجے کے حوالے سے ہدایات دیں، محسن نقوی نے ہسپتال میں جاری اپ گریڈیشن کے کام کا معائنہ کیا اور اپ گریڈیشن پراجیکٹ کو جلد مکمل کرنے کےلئے ہدایات دیں، انہوں نے اپ گریڈیشن کے معیار کا بھی جائزہ لیا،وزیر اعلی نے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور مزدوروں سے بات چیت کی اور اپ گریڈیشن کے کاموں پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا۔