دوران زچگی ماں اور بچے کی اموات پر قابو پانا ہوگا: جاوید اکرم

لاہور ( ہیلتھ رپورٹر)نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے سروسز انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں تیسری بین الاقوامی میٹرنٹی اینڈ چائلڈ ہیلتھ سمپوزیم میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی،اس موقع پر وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز، پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر جنید رشید، پرنسپل سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر زوہرہ خانم، پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر، پروفیسر ڈاکٹر طیبہ وسیم، پروفیسر ڈاکٹر طیبہ بٹ، ڈی جی پی ہوٹا پروفیسر ڈاکٹر شہزاد انور، ایم ڈی چلڈرن ہسپتال لاہور پروفیسر ڈاکٹر ٹیپو سلطان، آغا شبیر، ڈاکٹر عظمیٰ، فرخ زمان، فیکلٹی ممبران اور طلباءو طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے بین الاقوامی سمپوزیم کے شرکا سے خطاب میں کہا سرکاری ہسپتالوں کی ری ویمپنگ اسی مثبت سوچ کی عکاس ہے، ہمیں پاکستان میں دوران زچگی ماں اور بچے کی اموات پر قابو پانا ہوگا،ماں اور بچے کی صحت کو یقینی بنا کر ہم اپنے بچوں کو موذی بیماریوں سے بچا سکتے ہیں، میڈیکل پروفیشن کی حفاظت کیلئے دہشتگردی کے مقدمات بھی بھگتے ہیں،صوبائی وزیرصحت نے کہاپاکستان اگلے بیس سال بعد آبادی کے اعتبار سے دنیا کا تیسرا بڑا ملک ہوگا۔

دریں اثنا نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں سالانہ بین الاقوامی سائینٹیفک کانفرنس 2023 میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی،نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے بین الاقوامی سائینٹیفک کانفرنس کے شرکاءسے اپنے خطاب میں کہاایک کامیاب انسان اپنی زندگی میں کبھی ہار نہیں مانتا، اللہ تعالیٰ نے خدمت انسانیت سے بڑا کوئی جذبہ نہیں بنایا، پنجاب کی طبی درسگاہوں میں کوالٹی ریسرچ پر خاص توجہ دی جا رہی ہے، ڈاکٹرز جدید ٹیکنالوجی کے بغیر طبی دنیا میں بہت پیچھے رہ جائیں گے، ہمیں مریضوں کے محفوظ علاج کو یقینی بنانے کیلئے جدید طرز عمل اپنانا ہوگا۔