کھاد کی فراہمی مقررہ نرخوں پر یقینی بنائی جائے،ڈپٹی کمشنر حافظ آباد

حافظ آباد(محمد نواز)ڈپٹی کمشنر حافظ آباد میڈم سند س ارشاد نے کہا ہے کہ کسانوں،زمینداروں کو حکومتی نرخوں پر کھادوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ زراعت کی جانب سے بھر پور اقدامات کیے جارہے ہیں۔ کھاد ڈیلرز کو کمپنیوں کی جانب سے آنے والی کھاد سپلائی کی مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے اور دوکانوں پر کسانوں کو کھادوں کی منصفانہ اور میرٹ پر فروخت کو یقینی بنانے کیلئے محکمہ ریونیو اور محکمہ زراعت کے افسران و دیگر ملازمین کی ڈیوٹیاں بھی لگائی گئی ہیں جن کی نگرانی میں حقدار کسانوں اور زمینداروں کو کھاد فروخت کی جارہی ہے جس سے کھاد کی اوور چارجنگ اور بلیک مارکیٹنگ کو روکا گیا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار کھادوں کے دستیاب کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اسسٹنٹ کمشنر منور حسین، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت یوسف،زراعت آفیسر فراز حسین و دیگر بھی شریک تھے،ڈپٹی کمشنر نے کہاکسانوں اور زمینداروں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے محکمہ ریونیو اور زراعت کے فیلڈ افسروںو دیگر ملازمین کی کھاد ڈیلر ز کی دوکانوں پر ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں جن کہ نگرانی میں صرف حقدار کسانوں کو ہی کنٹرول ریٹ پر کھاد فروخت کی جارہی ہے ،تمام ریکارڈ بھی مرتب کیا جارہا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی کوشش ہے ہر کسان، زمیندار کو کنٹرول ریٹ پر کھاد کی فراہمی کویقینی بنایا جائے تا ہم کھاد کمپنیوں کی جانب سے سپلائی کی تاخیر کی وجہ سے بعض اوقات وقتی طور پر کھاد کی دستیابی میں قلت آجاتی ہے اس سلسلہ میں کھاد کمپنیوں کے ضلعی سطح پر نمائندوں کو بھی اس سلسلہ میں ہدایت کی گئی ہے کہ تمام ڈیلرز کے آرڈرز کو جلد از جلد پورا کیا جائے اور انکی سپلائی کو بھی فوری طور پر جاری کیا جائے۔دوسر ی جانب ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت محمد یوسف نے بتایا کہ مختلف کمپنیوں کی جانب سے ضلع میں آنے والی کھاد کی 4سے 5ہزار بوری حکومتی نرخوں پر کسانوں اور زمینداروں کو فروخت ہو رہی ہے ہماری کوشش ہے کہ یوریا کھاد کی سپلائی کو مزید بڑھایا جائے تا کہ کسانوں کی ضرورت کو فوری طور پر پورا کیا جا سکے۔