ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے طلبہ کو شہر کے تعلیمی اداروں میں پہنچنے کیلئے درپیش سفری مشکلات کا نوٹس لے لیا ،کالج پرنسپلز اور متعلقہ افسران کے ہمراہ مختلف سٹاپس کا دورہ ،طلبہ کو بروقت تعلیمی اداروں میں پہنچانے کیلئے میکانزم بنانے کی ہدایت کردی۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے شہر کے مختلف تعلیمی اداروں خصوصا کالجز میں طلبہ کے دیر سے پہنچنے اور مختلف سٹاپس اور چوراہوں میں سواری کے لئے کھڑے ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے پرنسپلز صاحبان کے ہمراہ دورہ کیا ،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، اے سی جنرل علیزہ ریحان ،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد، رجسٹرار یونیورسٹی آف ساہیوال سید غلام علی اصغر ،سیکرٹری آر ٹی اے واصف یاسین اور ڈی ایس پی ٹریفک سعید خان لودھی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے یاد گار چوک ،عارف والا چوک ،میکڈونلڈ چوک اور پاکپتن چوک کا دورہ کیا اور سواری کے انتظار میں کھڑے طلبہ کے مسائل کے مستقل حل کیلئے ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے شہر کے تمام بڑے کالجز کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر قابل عمل پلان تیار کریں تاکہ طلبہ کواپنے اپنے کالجز میں پہنچنے میں دشواری کا سامنانہ کرنا پڑے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے یہ بھی ہدایت کی کہ مختلف تعلیمی اداروں کی بسوں کا شیڈول بھی اسی طرح طے کیا جائے کہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں طلبہ مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے اہم چوراہوں پر انتظار گاہیں تعمیر کرنے کی بھی ہدایت کی۔
کمشنر ساہیوال کا طلبہ کو سفری مشکلات کا نوٹس، فوری میکانزم بنانے کی ہدایت

















