لاہور (شوبز رپورٹر) الامین فاﺅنڈیشن و اکیڈمی کے زیر اہتمام پیر ضیاءالحق نقشبندی کی کتاب ”سہیل وڑائچ کہانی “کی تقریب رونمائی گذشتہ روز مقامی ہوٹل لاہور میں زیر صدارت مجیب الرحمن شامی منعقد ہوئی جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے رہنما، صحافی ، اینکر ، وکلاءشاعر، مذہبی رہنما اورمختلف طبقہ ہائے فکر کے لوگوں نے بھرشرکت کی ۔اس موقع پر سینئر قانون دان اعتزاز احسن نے کہا کہ ”سہیل وڑائچ کہانی“ کتاب لکھ کر مذہبی رہنما پیر ضیاءالحق نقشبندی نے معاشرے پر احسان کیا ہے کیونکہ سہیل وڑائچ انتشار زدہ معاشرے میں امید کی کرن ہیں۔ ”سہیل وڑائچ کہانی“ پڑھ کر معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے ہمیشہ آئین جمہوریت اورمصیبت میں مبتلا لوگوں کا ساتھ دیا۔انہوں نے کہا کہ بہرحال میں بھی وڑائچ فیملی سے ہوں اورسہیل وڑائچ بھی ہے، لوگوں کا خیال تھا کہ وڑائچ ہیں تو گنڈاسے سے بات شروع کرتے ہیں لیکن ان کے آباﺅ اجداد تو پڑھے لکھے ہیں، یہ خود بھی پڑھے لکھے ہیں، ایک ہی ادارے میں انہوں نے ساری زندگی گزار دی، اس سے زیادہ استقامت ان میں اور کیا ہوگی۔ سینئر قانون دان چودھری اعتزاز احسن نے کہا کہ ہم غزہ والوں سے شرمندہ ہیں، وہ بھوکے پیاسے لاشیں بھی اٹھارہے ہیں مگر اپنی آنیوالی نسلوں کے مستقبل کو روشن اور بہتر بنانے کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں۔ آج حماس کی جرات اور بہادری کی وجہ سے مغرب والے یہ کہنے پر مجبور ہو گئے ہیں کہ یہ جنگ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان نہیں بلکہ حماس اور اسرائیل کے درمیان ہے وہ وہاں سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ہیں انکے ڈاکٹرز بھی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں وہ اپنی آنیوالی نسلوں کیلئے ایک مضبوط ورثہ چھوڑنے کی کوشش کررہے ہیں۔ استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پیر ضیاءالحق نقشبندی کی کتاب ”سہیل وڑائچ کہانی “کتاب وقت کی ضرورت تھی معاشرے کی اس ضرورت کو پورا کرنے پر ہم پیر ضیاءالحق نقشبندی کے مشکور ہیں ، سہیل سرور وڑائچ کی شخصیت اور ان کی شعبہ صحافت میں گرانقدر خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ لوگوں کے دلوں پر راج کرنیوالے سہیل وڑائچ میرے سیاسی، سماجی اور معاشرتی استاد ہیں، وہ ایک کہنہ مشق صحافی اور کتاب دوست انسان ہیں۔ میری خواہش ہے کہ آج کی گفتگو سیاست سے پاک ہو سہیل وڑائچ تمام سیاسی جماعتوں کے مشترکہ پسندیدہ ہیں۔ ہر سیاسی جماعت سہیل وڑائچ کی سخت باتوں کو بھی باآسانی برداشت کر لیتی ہے۔ سہیل وڑائچ نے اپنے صحافتی نقطہ نظر سے اس معاشرے کو بدلنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سہیل وڑائچ نے کسی پہ تنقید بھی اس خوبصورت انداز میںکرتے ہیں کہ سیاستدان ان کی بات کا برا نہیں مانتے کیونکہ یہ تنقید برائے اصلاح ہوتی ہے سہیل وڑائچ نے اپنی تحریرو صحافت سے جمہوری اقدار سوچ اور رویوں کو پروان چڑھایا۔ انہوں نے خصوصی طور پر ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سہیل وڑائچ کا میری والدہ کیساتھ ماں بیٹے کا رشتہ تھا جس کی میں مقروض ہوں۔ قلم کی طاقت سے سہیل وڑائچ نے ہر طبقے کے لوگوں کو عزت دی۔ مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمن نے اپنی گفتگو میں کہا کہ سہیل وڑائچ کہانی کتاب کے بائیوگرافر پیر ضیاءالحق نقشبندی کی شبانہ روز محنت کی برکت سے سہیل وڑائچ کہانی کتاب ہم تک پہنچی جس پر میں ہدیہ تبریک پیش کرتا ہوں۔ سہیل وڑائچ پیڑن الامین فاو¿نڈیشن واکیڈمی کی زبان سے ہمیشہ دوسروں کیلئے خیر نکلتی ہے، بڑی سے بڑی سخت بات کو بھی نرم انداز میں پیش کرتے ہیں۔ میں سہیل وڑائچ کو ہمیشہ اے ٹی آئی کے ہونہار جوان کے طور پر دیکھتا ہوں مجھے لگتا ہے کہ اعتدال انہیں سیال شریف اور گولڑہ شریف کے صوفیاءکی نسبت سے ملاہے۔ صدارتی خطاب میں مجیب الرحمن شامی چیف پیڑن الامین فاو¿نڈیشن نے کہا کہ اس بات کی سمجھ نہیں آرہی ہے کہ ”سہیل وڑائچ کہانی“ لکھنے پر میں خراج تحسین پیر ضیا ءالحق نقشبندی کو دوں یاپھر سہیل سرور سلطان وڑائچ کو جن کی وجہ سے ”سہیل وڑائچ کہانی“ کتاب ہم تک پہنچی ،یہ کتاب ایک خود نوشت بھی ہے اور ایک سوانح حیات بھی ہے سہیل وڑائچ میرے پسندیدہ قریبی ساتھیوں میں سے ہیں میں ان کو دیکھ کر رشک بھی کرتا ہوں ان کیلئے دعا بھی کرتا ہوں اوران سے سیکھتا بھی ہوں میں سمجھتا ہوں کہ اس وقت پاکستان کو سہیل وڑائچ کے لہجے اوران کے انداز کی ضرورت ہے جو پہلے شائد کبھی نہ تھی اس وقت سب خود ہی ایک دوسرے کے دشمن بن بیٹھے ہیں اختلافات کی حدود و قیود کو بھی پھلانگ چکے ہیں سلیقہ قرینہ بھی بھول چکے ہیں سہیل وڑا ئچ اپنے لہجے سے لوگوں کو جوڑپاتے ہیں یہ پل کا کردار ادا کرتے ہیں یہ مختلف مکاتب فکر کے درمیان رول ماڈل بن چکے ہیں اس کتاب سے پتہ چلتا ہے کہ کتنی محنت ،محبت اور لگن کے ساتھ یہ کتاب تیار ہوئی ہے سہیل وڑائچ کے نبی کریمکے بعد رول ماڈل نوابزداہ نصراللہ خان ہیں جو سیاست دانوں کو جوڑتے تھے سیاسی اتحاد بناتے تھے لوگوں کو آپس میں ملاتے تھے میں سہیل وڑائچ کو صحافت کا نوابزادہ سہیل وڑائچ قرار دیتا ہوں آئیے ہم سب انکے ساتھ مل جائیں۔ پاکستان کو مضبوط بنائیں نفرتوں کو دفنا دیں احترام سلیقے قرینے کے ساتھ آگے بڑھیں۔ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما عطاءاللہ تارڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سہیل وڑائچ کہانی کتاب لکھ کر کالم نگار پیر ضیاءالحق نقشبندی نے سیاستدان کو شعور سے مزین شخصیت سے روشناس کرایا ہے۔ سہیل وڑائچ کا لہجہ ہر طبقہ فکر میں مقبول عام ہے ۔ سید ارشاد احمد عارف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سہیل وڑائچ کی زندگی شیشہ کی مانند ہیں اللہ کرم کرے روحانی تربیت کار پیر ضیاءالحق نقشبندی پر جنہوں نے ہمیں سہیل وڑائچ کہانی فراہم کی۔ شاہد قادر سی ای او ماڈل بازار پنجاب نے کہا کہ سہیل وڑائچ ہر دلعزیز ہیں، انکی زندگی کھلی کتاب کی مانند ہے، میں شاہد قادر اورپیر ضیاءالحق نقشبندی دونوں ایک سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں۔ تقریب میں عذیر احمد نے سہیل وڑائچ اور پیر ضیاءالحق نقشبندی پر نظم پیش کی پیر خواجہ نور الزمان اویسی نے سہیل وڑائچ اور پیر ضیاءالحق نقشبندی کو پنجاب کی پنگ پہنائی اورچاندی کے قلم وتسبیح پیش کیں۔ باقی مقررین میںحامد خان رہنما تحریک انصاف،سعید احمد شیخ ،حاجی اخلاق ،سرداراسلم وڑائچ، معروف کالم نگار سجادمیر ، سنیئر صحافی سلمان غنی، نور الحسن تنویر ، علامہ راغب نعیمی، تجزیہ کار حبیب اکرم ، توفیق احمد بٹ، شاہد قادر، اینکرشازیہ ذیشان ،اقراءحارث ،امین حفیظ ،حافظ نعمان ،ڈاکٹر صغریٰ صدف ،پیر خواجہ نور الزمان اویسی ،ڈاکٹر طاہر رضابخاری ،عائشہ مسعود،آصف بھلی ،ڈاکٹر سلیم مظہر ،منصورآفاق ،ائیر وائس مارشل ساجد حبیب، اجمل جامی ، شفقت اللہ مشتاق ، سید عارف نوناری اوردیگر شامل تھے۔
پیر ضیاءالحق نقشبندی کی کتاب ”سہیل وڑائچ کہانی “کی تقریب رونمائی ،نامور شخصیات کی شرکت



















