لاہور (خبرنگار) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے چوبیس گھنٹے کے دوران مزید 299 بجلی چور پکڑ لئے گئے ، پکڑے جانے والے کنکشنز میں 7 زرعی، 8 کمرشل، 2 انڈسٹریل اور 282 ڈومیسٹک تھے جنہیں منقطع کرکے ان کو 3لاکھ 79ہزار 142یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے جن کی مالیت ایک کروڑ 56لاکھ 57ہزار 872روپے بنتی ہے۔ترجمان کے مطابق سرائے مغل کے علاقے میں کنکشن کو 350000 روپے ،کوٹ عبدالمالک کے علاقہ میں کنکشن کو 300000 روپے ، فیکٹری ایریا کے علاقے میں کنکشن کو 250000 روپے جبکہ فیکٹری ایریا کے علاقے میں کنکشن کو250000 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق 85 روز سے جاری مہم کے 32380 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،31997 کنکشن کیخلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں۔بجلی چوروں کو اب تک 5 کروڑ 46لاکھ 48ہزار 323یونٹس چارج کئے گئے جن کی مالیت 2ارب 14کروڑ 40لاکھ 26ہزار 934روپے بنتی ہے۔ دریں اثناء میٹرو بس انتظامیہ بھی بجلی چوری میں ملوث نکلی، جرمانہ عائد کر دیا گیا ۔بھاٹی گیٹ سب ڈویژن کے علاقے میں لیسکو حکام نے کارروائی کی، اس دوران لاہور میٹرو بس سروس کی انتظامیہ بھی بجلی چوری میں ملوث نکلی۔ دوران چیکنگ پتہ چلایا کہ لاہور میٹرو سروس کی زیر استعمال میٹر کا ایک فیز ڈیڈ ہے جس کی وجہ سے ادارے کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ حکام نے میٹر کو قبضے میں لیکر میٹرو بس انتظامیہ کو ڈٹیکشن بل کی مد میں 24ہزار یونٹ چارج کئے ہیں۔ دوسری طرف لیسکو حکام نے وحدت روڈ کے علاقے میں میٹر ریڈر کو بجلی چوری کرتے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ ترجمان کے مطابق اعجاز شاہ نامی میٹر ریڈر لیسکو کی ٹرانسمیشن لائن سے کنڈا لگا کر بجلی چوری کر رہا تھا، ملزم اعجاز شاہ کالج روڈ سب ڈویژن میں بطور میٹر ریڈر تعینات ہے ۔ملزم کے خلا ف تھانہ وحدت کالونی میں مقدمہ درج کروا دیا گیا جبکہ اعجاز شاہ کیخلاف محکمانہ کارروائی کا بھی آغاز کردیا گیا۔ علاوہ ازیں ایکسین فیروز والا سعادت صدیق کی ہدایت پر ایس ڈی او کالاخطائی روڈ مرزا عقیل بیگ نے فقیر ٹاو¿ن کے علاقے میں چیکنگ آپریشن کیا، دوران آپریشن بوٹا نامی شخص اپنے ہمسائے کے گھریلو کنکشن سے بجلی لیکر کمرشل مقاصد کیلئے استعمال کر رہا تھا۔ بوٹا نامی ملزم چند روزقبل بھی بوگس میٹر لگا کر بجلی چوری کرتے پکڑا گیا تھا جس کا مقدمہ متعلقہ تھانے میں درج ہے۔ ملزم سے تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ بجلی چوری کی یہ واردات کالا خطائی روڈ سب ڈویژن کا اسسٹنٹ لائن مین بابر علی کی معاونت سے ہورہی تھی۔ جس پر ایس ڈی او کالاخطائی روڈ مرزا عقیل بیگ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے بابر علی کو فوری طور پر معطل کردیا جبکہ بابر علی اور بوٹا کے خلاف بجلی چوری اور معاونت کی دفعات کے تحت اندراج مقدمہ کی درخواست متعلقہ تھانے میں دائر کردی گئی ہے۔
بجلی چوری مہم، 2 ارب سے زائد ڈیٹکشن بل جاری ،میٹرو بس انتظامیہ بھی واردات میں ملوث نکلی


















