آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت پولیس ایگزیکٹو بورڈ اجلاس

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ایگزیکٹو بورڈ اجلاس کا انعقادمنعقد ہوا ، اجلاس میں پولیس کی مختلف فیلڈ فارمیشنز کی ورکنگ سے متعلقہ انتظامی اور پیشہ ورانہ امور زیر بحث آئے جبکہ پولیس کے ترقیاتی پراجیکٹس، فورس کی ویلفیئر، زیر التواءسمریز پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔ اجلاس میں شریک افسران نے انتظامی و پالیسی امور بارے تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ دوران اجلاس پیش کردہ تجاویز کو حتمی شکل دیکر آئندہ اجلاس میں فیصلہ سازی کیلئے پیش کیا جائے، آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ میرٹ کے مطابق مزید اہلکاروں کی ترقیوں کیلئے محکمانہ پروموشن بورڈکے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کئے جائیں۔ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پیشہ ورانہ امور کی مزید بہتر انجام دہی کیلئے پنجاب پولیس ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیا جا رہا ہے، سپروائزری افسران تمام زیر تکمیل پراجیکٹس کوذاتی نگرانی میں مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کروائیں۔ دوسری طرف آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی طرف سے زیر نگرانی پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے ترجیحی اقدامات جاری ہیں ۔ پولیس ویلفیئر ذرائع سے حاصل آمدن اور پولیس ملازمین کی تنخواہوں سے کٹنے والے ویلفیئر فنڈز سے ملازمین کو ہیلتھ ویلفیئر کے سلسلے میں ہر ممکن ریلیف دیاجارہا ہے اسی سلسلے میں جاری اقدامات میں ڈاکٹر عثمان انور نے 07 ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے 10 لاکھ روپے جاری کر دئیے ہیں،تفصیلات کے مطابق پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ لاہور کے غازی کانسٹیبل ظفر علی کو 3 لاکھ روپے دئیے گئے، ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول کے ہیڈ کانسٹیبل حیدر علی کو علاج معالجے کیلئے 02 لاکھ روپے جاری کئے گئے۔لاہور پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل محسن ارشاد، غازی محمد اعجاز کو علاج معالجے کیلئے 1 لاکھ روپے فی کس دئیے گئے، لاہور پولیس کے غازی کانسٹیبل سید یاسر اعجاز، زخمی کانسٹیبل صدام طارق کو علاج معالجے کیلئے 01 لاکھ روپے فی کس جاری کئے گئے ۔ ڈی جی خان پولیس کے غازی کانسٹیبل سجاد حسین کو علاج معالجے کیلئے 01 لاکھ روپے دئیے گئے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس فورس بالخصوص کانسٹیبلان کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے بھرپور اقدامات جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی عارضہ صحت سے دوچار پولیس ملازم یا اسکے اہلخانہ کو بیماری کے خلاف جنگ میں تنہا نہیں چھوڑا جائیگا۔ آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اضلاع سے پولیس ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر سے متعلقہ کیسز کے دستاویزات مکمل کرکے سنٹرل پولیس آفس بھجوائیں تاکہ ان پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ملازمین کو ہر ممکن ریلیف دیا جائے۔