لاہور (کرائم رپورٹر) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کے سیکرٹری ڈاکٹر رضوان نصیر نے ماہانہ کارکردگی اجلاس میں تمام اضلاع کی آپریشنل کارکردگی کا جائزہ لیا۔ ریجنل ایمرجنسی آفیسرز ، پنجاب کے تمام ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے آپریشنل جائزہ اجلاس میں شرکت کی جبکہ ایڈمنسٹریٹر ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ، ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز، صوبائی مانیٹرنگ آفیسر، تمام ونگ کے سربراہان، ایمرجنسی سروسزکے سینئر افسران بھی شامل تھے۔پنجاب بھر کے ضلعی ایمرجنسی افسران نے میجرایمرجنسیز، ہنگامی صورتحال،کیس سٹڈیز،درپیش چیلنجز اور اقدامات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے اپنی آپریشنل کارکردگی کے بارے میںتفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر پروونشل مانیٹرنگ آفیسر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایمرجنسی سروس نے ماہ نومبر 2023کے دوران پنجاب بھر میںبروقت رسپانس کرتے ہوئے 157731ایمرجنسیزکے154272متاثرین کو سروسزفراہم کیں۔مزید تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ157731 ایمرجنسیزمیں35589 روڈ ٹریفک حادثات، 102712میڈیکل ایمرجنسیز،1412آتشزدگی کے واقعات، 3087جرائم کے واقعات،52 ڈوبنے کے واقعات،43عمارتیں گرنے،787جانوروں کو ریسکیو کرنے اور14049 متفرق آپریشن شامل ہیں۔ انہوں نے مزید بتایاکہ گزشتہ ماہ کے دوران پنجاب میں 35589 روڈ ٹریفک حادثات پیش آئے جن میں 388 افراد جاںبحق ہوئے۔ ان ٹریفک حادثات میں سے زیادہ ترٹریفک حادثات 7684 لاہور میں ہوئے جن میں55افراد ہلاک ہوئے۔ اسی طرح فیصل آباد میں2537،ملتان میں2234، گوجرانوالہ میں1915،راولپنڈی میں1400،شیخوپورہ میں1375 جبکہ باقی 30اضلاع میں18444 روڈ ٹریفک حادثات پیش آئے۔اسی طرح آگ کے زیادہ تر واقعات بڑے اضلاع میں ہوئے جن میں لاہور میں322،فیصل آباد میں100،راولپنڈی میں92،گوجرانوالہ میں61،ملتان میں55 اورسیالکوٹ میں54 رپورٹ ہوئے ۔ ڈاکٹر رضوان نے گزشتہ ماہ کے دوران35589 روڈ ٹریفک حادثات میں 388 افراد کی ہلاکتوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے موٹر سائیکل سواروںکو ہدایت کی کہ وہ روڈ سیفٹی کے اقدامات کو اپنائیں اوردنیا بھر میںاپنائی جانے والی روڈ سیفٹی کی آگاہی مہم لو30 - (Love-30)کے مطابق اپنی حد رفتار رکھیں ۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے تمام ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرز کو ہدایت کی کہ وہ شہریوں کو دھند کے موسم میں غیر قانونی پارکنگ سے بچنے اور خاص طور پر مسافروں کو احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہ کریں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دھند کے موسم میں سڑکوں پر ممنوعہ اقدامات اور لاپرواہی جیسے ٹریکٹر ٹرالیوں یا سڑکوں کے اطراف میں گاڑیوں کی پارکنگ، کھلے اور لمبے باہر نکلے ہوئے سریے والی گاڑیاں، غیر فعال ہیڈ لائٹس، غیر رجسٹرڈ مقامی طور پر امپرووائزڈ گاڑیاں اور کم عمر افراد کی ڈرائیونگ کے خلاف فوری کارروائی کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے ضلعی آفیسر کو مزید ہدایت کی کہ وہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز پولیس کے ساتھ باہمی رابطہ کاری کو مزید بہتر کریں تاکہ شہریوں کی زندگی کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے تیز رفتار سڑکوں پر غیر ضروری کھڑی مستقل گاڑیوں اور غیر قانونی رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے تاکہ حادثات کو ہونے سے روکا جاسکے۔
نومبر میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد ایمرجنسی متاثرین کو ریسکیو کیا: ڈاکٹر رضوان نصیر
















