مصروف سڑکوں کی مرمت کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے شہر میں پسپ پروگرام کے تحت جاری کام کا روزانہ کا ٹارگٹ سیٹ کرنے اور مقررہ ٹارگٹ کے مطابق کام نہ کرنیوالے ٹھیکیداروں پر جرمانہ عائد کرنے کی ہدایت کردی، زیادہ آمدورفت والے علاقوں میں سڑکوں کی مرمت کے کام کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں میونسپل کارپوریشن اور پسپ پروگرام کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد، اے سی جنرل علیزہ ریحان، پسپ پروگرام کے سٹی منیجر اسجد خان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے پسپ حکام کو ہائی سٹریٹ کے تمام چوراہوں میں جاری کام کو بھی تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ ٹریفک کے مسائل سے بچا جا سکے۔ انہوں نے این فائیو پر پچھلے تین روز سے رکے ہوئے کام پر اظہار ناراضگی کرتے ہوئے سختی سے ہدایت کی کہ مشینری اور افرادی قوت بڑھا کر کام کو اگلے تین روز تک ہر صورت مکمل کیا جائے۔ اس موقع پر پسپ پروگرام کے سٹی منیجر اسجد خان نے بتایا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے۔ اسکے علاوہ فریدیہ پارک روڈ، کچا پکا نورشاہ روڈ پر سیوریج پائپ ڈالنے کے بعد مرمت کے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔