ایم ایس داتا دربار فارغ،مایوسی گناہ، پاکستان جلد ٹیک آف کرتا نظر آئے گا،محسن نقوی

لاہور (خبر نگار،ہیلتھ رپورٹر،کرائم رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اٹک، میانوالی، جھنگ، منڈی بہاﺅالدین اور بھکر میں ایف سی پی ایس ٹریننگ شروع کرانے کا اعلان کرتے ہوئے مزید 5ضلعی ہسپتالوں میں ایف سی پی ایس ٹریننگ کیلئے اقدامات کی ہدایت کردی۔

کالج آف فزیشن اینڈسرجنز پاکستان کے کانووکیشن کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا ملک کہیں نہیں جارہا، پاکستان جلد ٹیک آف کرتا نظر آئے گا،مایوسی گناہ ہے، اکانومی پر بڑی اچھی خبریں آرہی ہیں،خود مایوس ہوں اور نہ دوسروں کو کریں، ہمیشہ پرامید رہے۔

محسن نقوی نے کہاانتہائی نگہداشت کے ڈاکٹرز فوری بھرتی کرنے کےلئے احکاما ت جاری کر دیئے، ایمرجنسی میڈیسن ڈیپارٹمنٹ تما م بڑے ہسپتالوں میں ہونا چاہیے،انڈس ہسپتال جوبلی ٹاﺅن میں سٹیٹ آف آرٹ کینسر ،مناواں میں میو کینسر کلینک کے نام سے ہسپتال 31جنوری تک فنکشنل ہو جائےگا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا رزق حلال کے 2تقاضے ہیں ناجائز پیسہ نہیں کمانا اور اپنی تنخواہ کو حلال کرنا ہے کوئی اگر 6گھنٹے کی تنخواہ لے رہا ہے اور کام 3گھنٹے کررہا ہے تو رزق حلال کمانا نہیںکچھ ڈاکٹرز اپنے ڈیوٹی اوقات سے بڑھ کر کام کرتے ہیں اور کچھ ڈیوٹی کا ٹائم پورا نہیں کرتے، محسن نقوی نے ایف پی سی ایس میں گولڈ میڈل ،میڈیکل ایجوکیشن ڈپلومہ تقسیم کیے۔

دریں اثنامحسن نقوی نے صوبائی کابینہ کے ہمراہ رات گئے داتا دربار آئی ہسپتال کااچانک تفصیلی دورہ کیا،ایم ایس، ڈاکٹرز،گیٹ پر گارڈ غائب ،وارڈ میں نرسیں سورہی تھیں ،حاضری رجسٹر میں سب حاضر تھے لیکن عملی طور پر ہسپتال خالی تھا،گائنی وارڈ،آئی وار ڈ میں صفائی کا ناقص انتظام ،بیڈ شیٹس گندی تھیں، وزیراعلیٰ ہسپتال کی حالت زار دیکھ کر شدید برہم ہوئے اورایم ایس کو عہدے سے ہٹا دیا ،گائنی وارڈ میں ڈیوٹی سے غیر حاضر ڈاکٹر کا کنٹریکٹ ختم کرنے کاحکم دےدیا۔

محسن نقوی نے ہسپتال کا انتظام محکمہ اوقاف سے واپس لیکر فوری طورپر محکمہ پرائمری ہیلتھ کے سپرد کرنے کاحکم بھی د ےدیا،علاوہ ازیںوزیر اعلیٰ نے صوبائی کابینہ کے ہمراہ رات گئے بند روڈ کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور پراجیکٹ کابغیر اطلاع دورہ کیا،بابو صابو سے سگیاں تک پراجیکٹ پر کام کرنے والی شفٹ غائب تھی، سائٹ پر مزدور،کنٹریکٹرز کے سپروائزر ،ایل ڈی اے کا عملہ بھی غائب ہونے پر محسن نقوی نے اظہار برہمی کیا،چیف انجینئر ،بابو صابو سے سگیاں تک کام کرنے والی کمپنی کو وارننگ دی۔

مزید برآںوزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی علی الصبح صوبائی کابینہ کے ہمراہ تھانہ شیرا کوٹ پہنچے ،فرنٹ ڈیسک کا عملہ غائب ،کمپیوٹر اورانٹرنیٹ بھی بند تھا،تھانے کا معائنہ کرتے ہوئے بغیر لائسنس موٹر سائیکل چلانے والے متعدد نوجوان کوحوالات میں بند دیکھ کر وزیراعلیٰ نے نوجوانوں سے کیسز کا پوچھا نوجوانوں نے کہابغیر لائسنس موٹر سائیکل چلارہے تھے،پولیس نے گرفتار کیا،محسن نقوی نے بغیر لائسنس موٹر سائیکل چلانے والے 11نوجوانوں کو ضروری قانونی کارروائی مکمل کر کے اورلرنرلائسنس بنوانے کی یقین دہانی پر رہا کرنے کا حکم دیا۔

ادھر پنجاب بھر میں25لاکھ پرائیویٹ کیمروں کی میپنگ پراجیکٹ کا آغاز ہو گیا ،وزیر اعلیٰ نے پراجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا، ڈیجیٹل مانیٹرنگ ،کرائم کنٹرول کےلئے لاہور میں 4لاکھ پرائیویٹ کیمروں کی میپنگ بھی مکمل ہوگئی،بعدازاں محسن نقوی کی زیر صدارت پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے آفس میں خصوصی اجلاس ہوا،اضلاع و تحصیلوں میں سمارٹ سیف سٹی پراجیکٹ ڈی ای سی تھری کی اصولی منظوری دی گئی،اضلاع ،تحصیلوں میں ڈیجیٹل نگرانی، ای چالان، ٹریفک کنٹرول اور چہروں کی شناخت بھی کی جا سکے گی۔