نگران حکومت امریکی ایجنٹ، فلسطین کی آزادی کیلئے آواز نہیں اٹھائی :سراج الحق

چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) اسرائیل نے فلسطین اور غزہ میں نہتے مسلمانوں پر وحشیانہ بمبار ی کی ہے جس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیںغزہ کو بچانے کیلئے اسلامی ممالک آگے بڑھیں، پوری پاکستانی قوم غزہ کے مسلمانوں کے ساتھ ہے، حکمران مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ ان خیالات کااظہار جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر سراج الحق نے جھمرہ چوک چنیوٹ میں لبیک یا غزہ جلسہ عام سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پرجماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ نگران حکمرانوں نے فلسطین کی آزادی کیلئے کوئی آواز نہیں اٹھائی حکمران امریکہ کے ایجنٹ بنے ہوئے ہیں فلسطین اور غزہ کے نہتے مسلمانوں پر بمباری کے ذریعے 15 ہزار کے قریب شہری شہید ہوئے ہیں اور ہزاروں افراد شدید زخمی ہیں ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ بھر پور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اسرائیل امریکہ کا آپس میں گٹھ جوڑ ہے۔ مسلم امہ کو آگے بڑھنا ہو گا ہم سب کو مل کر اغیار کی سازشوں کو ناکام بنانا ہو گا۔ انہوں نے اپنے خطاب کے دوران مزید کہا کہ مسلمان حکمران ملت اسلامیہ کے اجتماعی موقف اور جذبات کا ساتھ دے۔ بیت المقدس عالم اسلام کا اجتماعی مسئلہ ہے جس کے حل کیلئے پوری مسلم امہ کو کوشش کرنا ہو گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکمران ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں، مہنگائی کرپشن او ر لوٹ مار کا بازار گرم ہے۔ جماعت اسلامی آئندہ الیکشن میں بھر پور اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ہماری جماعت ترازو کے نشان پر انتخابات میں حصہ لے گی۔ ملک کو نیک اور صالح حکمرانوں کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی پنجاب کے صدر جاوید اقبال قصوری و دیگر صوبائی رہنماﺅں جماعت اسلامی کے ضلعی امیر چوہدری اسلام خان نے بھی خطاب کیا اور غزہ کے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کی سخت الفاظ میں مذمت کی لبیک یا غزہ جلسہ عام میں جماعت اسلامی کے سینکڑوں کارکنان وخواتین نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔