لاہور (قمر عباس) پی ایچ اے مارکیٹنگ ڈائریکٹوریٹ میں ڈائریکٹر ون عرصہ دراز سے تعینات، سروسز رولز میں انجینئرنگ کرتے ہوئے عارضی طور پر کاغذی ٹرانسفر کے بعد دوبارہ پرکشش سیٹ پر تعیناتی حاصل کررکھی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی ایچ اے لاہور کی آمدنی میں شعبہ مارکیٹنگ اہم کردار ادا کر تا ہے اسلئے مارکیٹنگ ڈائریکٹوریٹ کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے اور ڈائریکٹر ون اور ڈائریکٹر ٹو کو ذمہ داری تفویض کی گئی ہیں۔ اس حوالے سے 2000ءکی دہائی میں لاہور ٹورازم پنجاب کے ایس ٹی او اور ٹی او پی ایچ اے میں ڈیپوٹیشن پر آئے جو بعد میں پی ایچ اے کے ملازمین میں شامل ہوگئے تھے اور شعبہ مارکیٹنگ میں تعیناتی حاصل کی گئی جس میں ڈائریکٹر ون عامر ابراہیم اور ڈائریکٹر ٹو شامل ہیں۔ سیاسی اثرورسوخ کی بنیاد پر عرصہ دراز سے شعبہ مارکیٹنگ میں تعیناتی حاصل کرنے میں کامیاب ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شعبہ مارکیٹنگ میں اشتہاری کمپنیوں سے ملی بھگت کرتے ہوئے ذاتی آمدنی حاصل کرنے کی خاطر ان سے سازباز کررکھی ہے جس سے اتھارٹی کو مبینہ طور پر مالی نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ شہر کی اہم شاہراﺅں پر بورڈز کی لوکیشن اور سائز میں ہیرا پھیری کی منصوبہ بندی اختیار کرتے ہوئے اشتہاری کمپنی کو سہولت کار ی کی مد میں ذاتی فیس کی وصولی کا انکشاف کیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر مارکیٹنگ ون عامر ابراہیم کی جانب سے سیاسی تعلقات کی بنیاد پر شعبہ مارکیٹنگ میں عرصہ دراز سے تعیناتی حاصل کی گئی ہے۔ سروسز رولز میں انجینئرنگ کرتے ہوئے کاغذی اور عارضی طور پر دیگر سیٹوں پر ٹرانسفر کروانے کے بعد عملی طور پر مارکیٹنگ کے انتظامی اور مالی امور میں مداخلت جاری رکھی جاتی ہے، بعد میں دوبارہ شعبہ مارکیٹنگ میں تعیناتی حاصل کر لی جاتی ہے۔ مارکیٹنگ کی مالیاتی سیٹوں پر ڈائریکٹر ون اور ڈائریکٹر ٹو ہی کام کررہے ہیں جس سے اتھارٹی کے انتظامی امور میں بدانتظامی اور من پسند تعیناتی حاصل کی جا رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 20 سے 25 سال قبل اتھارٹی میں ڈیپوٹیشن پر آنیوالے افسران نے آمدنی سے زائد اثاثہ جات بنا رکھے ہیں جس کی تفصیلات جلد روزنامہ ”مشرق“ نشاندہی کریگا۔ دوسری طرف پی ایچ اے ترجمان سے مارکیٹنگ شعبہ میں عرصہ دراز سے تعیناتی حاصل کرنے والے ڈائریکٹر ون عامر ابراہیم اور ڈائریکٹر ٹو کے حوالے سے رابطہ کیا گیا تاہم انہوں نے موقف نہیں دیا۔
پی ایچ اے مارکیٹنگ ڈائریکٹوریٹ،سروسز رولز میں انجینئرنگ، ڈائریکٹر ون عامر ابراہیم پرکشش سیٹ پر قابض


















