انسداد سموگ کیلئے کارروائیاں جاری ہیں، ڈپٹی کمشنر حافظ آباد

حافظ آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر حافظ آباد میڈم سند س ارشاد نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں سموگ کے تدارک کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ اور دیگر محکموں کی جانب سے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ فصلوں کی باقیا ت جلانے، دھواں چھوڑنے والے بھٹوں،گاڑیوں اور صنعتی اداروں کے مالکان کو اب تک 89لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا ہے جبکہ 27افراد کے خلاف مقدمات درج،4صنعتی ادارے اور 19بھٹوں کو سیل کیا گیا ۔

ڈپٹی کمشنر نے ضلعی و تحصیل انتظامیہ کے افسران سمیت محکمہ زراعت اور ماحولیات کے افسران کو ہدایت کی کہ سموگ کے تدارک، بچاو¿ اور انسداد سموگ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار انسداد سموگ کے تدارک اورمختلف محکموں کی جانب سے کی جانے والی کاروائیوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حمد اللہ، اسسٹنٹ کمشنر منور حسین،اے سی پنڈی بھٹیاں راشد اقبال،سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اشفاق رسول سمیت محکمہ زراعت،ماحولیات، ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر کاکہنا تھا کہ سموگ سے بچاو¿ اور فصلوں کی باقیات کو نہ جلانے کے حوالے سے کسانوں،زمینداروں اور کاشتکاروں کو دیہات میں جا کر خصوصی آگاہی دی جائے جبکہ بھٹہ جات کو زگ زیگ پر منتقل کرنے کے حوالے سے بھی مالکان کو ایس او پیز بارے عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے تمام میونسپل کمیٹیوں کے افسران کو ہدایت کی کہ شہری علاقوں میں تمام سڑکوں اور یگر عوامی مقامات پر پانی کا چھڑکاو¿ بھی مختلف اوقات میں جاری رکھا جائے تا کہ کسی بھی قسم کی گردو غبار یا ڈسٹ وغیر نہ پھیل سکے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اب تک فصلوں کی باقیات جلانے پر 24افراد کے خلاف مقدمات درج کر کے مجموعی طو ر پر 41لاکھ70ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔اسی طرح ایس او پیز پر عمل نہ کرنے اور دھواں چھوڑنے والے 19بھٹوں کو سیل کرکے 3مالکان کے خلاف مقدمات درج کروائے گئے اور مجموعی طو ر پر 26لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ٹریفک پولیس نے مجموعی طور پر دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو 16لاکھ سے زائد جرمانہ کیا۔ دھواں چھوڑنے اور ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے پر 4صنعتی اداروں کو سیل کر کے 5لاکھ روپے جرمانہ بھی کیا گیا۔