ضلع نارووال میں معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے بھرپورکوشش کی، احسن اقبال

نارووال(حسن نواز)حسن سکالرز پبلک سکول نارووال کیمپس میں گوجرانوالہ بورڈ سے پوزیشن ہولڈر طلباء و طالبات کے اعزاز میں شاندار تقریب تقسیم انعامات اور پر تکلف ڈنر کا اہتمام کیا گیا،تقریب کے مہمان خصوصی سابق وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پروفیسر احسن اقبال تھے۔

مہمان خصوصی احسن اقبال کی آمد پرچیئرمین حسن سکالرز پبلک سکولز احمد سعید الحسن اور ٹیم حسن سکالرز سکولز نے ان کا پرتپاک استقبال کیا،ننھے بچوں کی طرف سے پھولوں کے گلدستے اور تحائف پیش کیے گئے،حسن سکالرز کے ہونہار طلباء نے پریڈ کرتے ہوئے مہمان خصوصی کو سلامی پیش کی،تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور نعت رسول مقبول سے کیا گیااور کلام اقبال پیش کیا گیا،مہمان خصوصی پروفیسر احسن اقبال،خواجہ وسیم بٹ،چیئر مین حسن سکالرز احمد سعید الحسن،ایگزیکٹو ڈائریکٹر حسن سکالرزاحمد نوید الحسن اور ڈائریکٹر حسن سکالرز احمد وحید الحسن سے گوجرانوالہ بورڈ سے جماعت دہم کے سالانہ امتحانات میں پہلی،دوسری اور چوتھی پوزیش حاصل کرنے والے حسن سکالرز سکول کے ہونہارطلباءو طالبات اور ضلعی سطح پر نمایا پوزیشن ہولڈرز طلباءو طالبات اور اساتذہ کرام کو اعزازی شیلڈز سے نوازا گیا اور کیش پرائز دیے گئے۔

احسن اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا سب سے پہلے تو میں حسن سکالرز کی پوری ٹیم اور خصوصی طور پر چیئرمین حسن سکالرز احمد سعید الحسن کو مبارکباد دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع نارووال میں معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے بھرپور کوششیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس تقریب میں موجود پوزیشن ہولڈر بچوں اوران کے والدین کو مبارکباد دیتا ہوں،یقینا آپ خوش نصیب والدین ہیں کہ آپ کے بچوں نے نمایاں کامیابی سے آپ کا سر فخر سے بلند کیا۔تقریب کے اختتام پر چیئرمین حسن سکالرز پبلک سکول احمد سعید الحسن نے مہمان خصوصی و دیگر معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حسن سکالرز کی پوری ٹیم کی شبانہ روز کی محنت اور بچوں کی لگن اور محنت کی وجہ سے آج اللہ تعالیٰ نے ہمیں اور ادارہ کو خصوصی عزت بخشی،ٹیم حسن سکالرز یہ عہد کرتی ہے کہ معیاری تعلیم اورطلباءو طالبات کی تربیت کے حوالے سے یہ ادارہ اپنا کردار بہترین طریقے سے ادا کرتا رہے گا،تقریب کے اختتام پر دعائے خیر کی گئی اوراساتذہ کرام،طلباء و طالبات،والدین اور مہمانوں کی پرتکلف کھانے سے تواضع کی گئی۔