”اب گاﺅں چمکیں گے“ انقلابی پروگرام ہے: کمشنر ساہیوال ،افسران کو آج گاڑیاں استعمال نہ کرنے کی ہدایت

ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا پنجاب حکومت کے ”اب گاﺅں چمکیں گے“ پروگرام کی سست روی پر عدم اطمینان کا اظہار، تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو پروگرام کی کامیابی کیلئے روزانہ مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت۔ گھروں، دوکانوں اور تجارتی مقاصد کیلئے استعمال ہونے والی عمارتوں سے ’سینی ٹیشن ٹیکس‘ کی وصولی یقینی بنانے کی بھی ہدایت۔ اپنے دفتر میں پروگرام کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ٹیکس کی وصولی ایک ہفتے میں بہتر بنائی جائے تاکہ اس آمدن کو صفائی پر خرچ کیا جائے اور عوام کو اس پروگرام کی افادیت سے بھی آگاہ کیا جائے۔ اجلاس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اکرام الحق، ڈاکٹر ذیشان حنیف، سعدیہ مہر، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ اور محکمہ لوکل گورنمنٹ کے متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ ”اب گاﺅں چمکیں گے“ پروگرام دیہی علاقوں کی صفائی اور ان کے باسیوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کا ایک انقلابی پروگرام ہے جس کی کامیابی محکمہ لوکل گورنمنٹ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے پروگرام کی کامیابی کیلئے نمبرداروں اور ریونیو سٹاف کی خدمات حاصل کرنے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو پروگرام کی مانیٹرنگ کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے یونین کونسل کی سطح پر مینجمنٹ کمیٹیاں قائم کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ پروگرام پر مربوط انداز میں عمل ہو سکے۔ دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے نئے کمشنر آفس کی تعمیر کے دوسرے فیز کا سنگ بنیاد رکھ دیا جس پر لاگت کا کل تخمینہ10کروڑ87لاکھ روپے آئے گا۔ سنگ بنیاد رکھنے کی خصوصی تقریب میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز عقیل اشفاق، ایکسین بلڈنگ فتح محمد وٹو اور کمشنر آفس کے دوسرے افسران بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ کمشنر آفس ضلع کونسل ریسٹ ہاس کی پرانی بلڈنگ میں قائم تھا جس میں وقتاً فوقتاً توسیع کی جاتی رہی۔ دوسرے فیز میں زیر تعمیر2منزلہ بلڈنگ میں کمشنر اور ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن کے دفاتر کے ساتھ ساتھ میٹنگ روم اور متعلقہ عملے کے دفاتر بھی قائم کئے جائیں گے۔ منصوبے کے پہلے مرحلے میں 5کروڑ50لاکھ روپے کی لاگت سے کمشنر آفس کا ایک بلاک مکمل کیا جا چکا ہے جس میں عارضی طور پر کمشنر /ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن کے دفاتر کو منتقل کیا گیا ہے۔اےکسےن بلڈنگ نے بتاےا کہ کمشنر آفس کی تعمےر اسی مالی سال مےں مکمل کر لی جائیگی۔ علاوہ ازیں کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سیدکی ذاتی دلچسپی سے میونسپل کارپوریشن کے ریونیو میں ریکارڈ اضافہ، شہر کے بس اڈوں سے اب تک ساڑھے 4 مہینے میں آمدن تقریباً 76 لاکھ 82 ہزار روپے رہی جبکہ پچھلے پورے سال 2022-23 میں ٹھیکیداروں سے صرف85لاکھ روپے وصول ہوئے تھے۔ موجودہ شرح سے ان اڈوں سے ہونے والی آمدن 2 کروڑ 10 لاکھ روپے یعنی دگنی سے بھی زائد متوقع ہے۔ کمشنر شعیب اقبال سید کا ریکارڈ آمدن پر میونسپل کارپوریشن کے چیف آفیسر اشفاق احمد اور متعلقہ عملے کی محنت پر اطمینان کا اظہار کیا اور وصولی کی شرح مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ تفصیلات کے مطابق میونسپل کارپوریشن نے یکم جولائی سے15نومبر تک ساڑھے4ماہ میں 76لاکھ 82ہزار 646 روپے وصول کئے جبکہ پچھلے سال اسی عرصے میں 50 لاکھ 15 ہزار 527 روپے وصول کئے گئے۔ اب تک 50لاکھ15ہزار 527 روپے بیرون لاری اڈے اور21لاکھ29ہزار 340 روپے ریلوے روڈ بس اڈے سے وصول کئے گئے ہیں۔ دوسری جانب کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی خصوصی ہدایت پر ساہیوال ڈویژن میںآج بروز جمعہ سرکاری افسران گاڑیاں استعمال نہیں کریں گے۔”ڈرائیوفری ڈے”منانے کا مقصد سموگ کے خاتمے کی اہمیت اجاگر کرنا اور سرکاری افسران کی طرف سے عملی اقدام کا مظاہرہ کرنا ہے تاکہ عوام میں بھی آگہی پیدا ہو۔ اس موقع پر اپنے پیغام میں کمشنر شعیب اقبال سید نے ڈویژن میں تعینات تمام افسران پر زور دیا کہ وہ ماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے والی سموگ کے خاتمے میں عملی حصہ لیتے ہوئے آج بروز جمعہ اپنے اپنے دفاتر میں سائیکل پر یا پیدل پہنچیں اور عملے کو بھی ترغیب دیں۔