چناب نگر اور گردونواح کے گلی کوچوں میں عطائی ڈاکٹروں کے ڈیرے

چناب نگر(نمائندہ خصوصی)چناب نگرگردو نواح کے گلی کوچوں میں عطائی ڈاکٹروں کے ڈیرے، عطائیوں نے انسانی جانوں سے کھیلنا شروع کر دیا جبکہ میڈیکل سٹوروں پر سر عام دیدہ دلیری سے نشہ آور ادویات فروخت ہونے لگیں زچہ و بچہ کلینک کی بھر مارہے، اہل علاقہ نے سیکرٹری صحت پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے شہر اور گردو نواح کے ہر گلی محلے اور مارکیٹس میں عطائیوں نے جعلی نان کلینک، میڈیکل سٹور بنالئے۔ جہاں پر سٹیرائیڈ ادویات ممنوعہ نشہ آور ادویات جن میں برشاشہ، سیرپ، گولیاں اور انجکشنز کا بے دریغ استعمال کرتے ہوئے انسانی جانوں سے کھیلا جارہا ہے۔

مڈل، میٹرک پاس عطائی جعلی کلینک، میڈیکل سٹوروں پر ہر بیماری کا علاج کرتے ہیں مرض جب حد سے بڑھ جائے تو سرکاری ہسپتال لے جانے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ درجنوں غیر رجسٹر ڈ بغیر لائسنس کے میڈیکل سٹور ز پر نشہ آور انجکشنز، سیرپ، گولیاں، برشاشہ معجون سر عام فروخت کرنے کے ساتھ ساتھ ان پڑھ نان کوالیفائیڈ افراد سارا دن پریکٹس کر کے انسانی جانوں کے ساتھ کھیلتے نظر آتے ہیں، جبکہ میڈیکل سٹورز پر نابالغ بچے بھی پریکٹس کرتے انجکشن لگاتے نظر آتے ہیں نشہ آور ٹیکوں، برشاشہ اور سیرپ کی سرعام فروخت جاری ہے۔