گریٹر اقبال پارک، انتظامیہ، کوآرڈینیشن کی ملی بھگت، درجنوں غیرقانونی فوٹوگرافرز کا سیرگاہ پر قبضہ

لاہور (اپنے نمائندے سے) گریٹر اقبال پارک انتظامیہ اور کوآرڈینیشن کی ملی بھگت، 2فوٹو گرافرز کی منظوری کاغذوں تک محدود، غیرقانونی طور پر تین درجن کے قریب فوٹوگرافرز کا پارک پر قبضہ، سیاحوں سے منظور شدہ فوٹو ریٹس کی بجائے من مرضی کے ریٹ وصول کرنے کا انکشاف۔ طوطا کیبن بھی معاہدے سے ہٹ کر لگایا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی ایچ اے کے کوآرڈینیشن عملہ کی مبینہ ملی بھگت سے گریٹر اقبال پارک میں تفریح کیلئے آئے شہری سے اضافی چارج وصول کئے جا رہے ہیں اور گریٹر اقبال پارک میں سیاحوں کی تصاویر بنانے کی خاطر نجی کمپنی سے معاہدہ کے مطابق دو فوٹو گرافر اور دو کیبن کو نصب کرنے پر پابند کیا گیا ہے لیکن پارک انتظامیہ کی ملی بھگت سے معاہدہ کی مکمل طور پر خلاف ورزی کی جا رہی ہے اور پارک میں مختلف اہم مقامات پر دو کی بجائے تین درجن کے قریب غیر قانونی فوٹو گرافرز کو تعینات کر رکھا ہے۔ ذرائع کے مطابق گریٹر اقبال پارک میں پی ایچ اے کوآرڈینیشن ڈائریکٹوریٹ کی منظوری سے نایاب طوطوں کا کیبن لگایا گیا ہے جہاں شہری اپنے فیملیز نایاب طوطوں کے ساتھ آکر تصویر بنواتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق نایاب طوطوں کا کیبن لگانے کی اجازت میوزیم کے پاس دی گئی ہے لیکن کوآرڈینیشن عملہ کی ملی بھگت سے یہ کیبن پارک کے گیٹ نمبر 5 پر لگایا گیا ہے پی ایچ اے کی جانب سے طوطوں کے کیبن کے اجازت نامے میں صرف 2 فوٹو گرافرز کی اجازت ہے لیکن کوآرڈینشن عملہ کی ملی بھگت سے یہاں تین جن کے قریب فوٹو گرافرز گھومتے نظر آرہے ہیں۔ انتظامیہ طوطا کیبن میوزیم کے ساتھ نہ لگوا کر میوزیم کو ناکام کررہی ہے۔ ذرائع کے مطابق نیشنل میوزیم پر حکومت نے کروڑوں روپے خرچ کئے ہیں 2021 میں طوطا کیبن ٹھیکدار سے معاہدہ طے پایا کہ وہ طوطا کیبن نیشنل میوزیم کے ساتھ رکھے گا جس سے سیاحوں کو نیشنل میوزیم کا بھی پتہ چلے گا لیکن طوطا کیبن ٹھیکیدار نے متعلقہ انتظامیہ سے ملی بھگت کرکے طوطا کیبن گیٹ نمبر پانچ سے رکھ دیا ہے میوزیم کی طرف بہت کم سیاح جاتے ہیں معاہدہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کیبن کے سامنے سیاحوں کی تصاویر بنانے کی بجائے پارک میں کسی بھی مقام پر سیاحوں کی تصاویر بنا ئی جا رہی ہیں جس سے سیاحوں سے من مرضی تصویر کے ریٹس وصول کرنے کا انکشاف کیا گیا ہے جس پر متعلقہ پارک انتظامیہ غیر قانونی اقدام پر کارروائی کرنے کی بجائے مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے۔ ڈائریکٹر پروجیکٹ گریٹر اقبال پارک تنویر سے موقف کیلئے رابطہ کیا گیا لیکن انہوں نے موقف نہ دیا۔ اگر وہ اپنا موقف دینا چاہیں تو ادارہ من وعن شائع کریگا۔