بہاولپور، محکمہ انہار جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ،تنخواہوں میں کروڑوں کافراڈ


بہاولپور(قاسم بھٹی)محکمہ انہارجنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں ساڑھے4 کروڑ روپے تنخواہوں کی مدمیں فراڈ سیکنڈل ‘نجی گاڑیوں کے رینٹ کی مدمیں بھی کروڑوں ہڑپ کرنے کے بعد فرنیچر کی مرمت کی آڑمیں بھی پندرہ لاکھ روپے خردبرد کرلیے گئے ‘ سیکرٹریٹ بلڈنگ کی تعمیر میں تاخیرکے علاوہ تخمینہ میں بھی دوگنااضافہ‘ ورک چارج پرتعینات ملازمین کی بھی بوگس انٹریاں دوسرے اضلاع سے خواتین بھرتی کرکے سیکرٹری انہارجنوبی پنجاب کی سرکاری کوٹھی پرخدمات لی جانے لگیں دفتری عملہ غائب رہنے کے باوجود تنخواہوں کے اضافی الاونسز کی مدمیں خزانہ سرکار کودیمک کی طرح چاٹنے لگا۔ کرپشن بے نقاب ہونے کے باوجود تحقیقاتی ادارے اورخفیہ ایجنسیاں بے بس نظرآنے لگیں ۔

محکمہ انہار جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں ملازمین کی غیرقانونی طورپرحاصل کی گئی اضافی تنخواہوں کی مدمیں حکومت پنجاب کوساڑھے چارکروڑ روپے کاجھٹکا لگائے جانے کے بعدمزید انکشاف ہواہے کہ سیکرٹریٹ میں فرنیچر کی خریداری دس لاکھ روپے میں کی گئی تھی اوراب ایک سال بعد اسی فرنیچرکی مرمت پندرہ لاکھ روپے میں کرائی گئی ہے جوکہ ایک عجوبہ ہے اس طرح سیکرٹریٹ کی بلڈنگ کی تعمیرکاٹھیکہ70 لاکھ روپے میں ہواتھالیکن ٹھیکیدار سیکرٹریٹ افسران کامنظورنظر ہونے کی وجہ سے نہ صرف ٹھیکے کی مدت میں توسیع کی گئی بلکہ بلڈنگ کی تعمیرکاتخمینہ بھی ایک کروڑ روپے سے بڑھادیاگیاہے سیکرٹریٹ میں تعینات ایک سیکرٹری انہارجنوبی پنجاب2 ایڈیشنل سیکرٹریوں ایک ڈپٹی سیکرٹری ٹیکنیکل اور2 سیکشن افسروں سمیت مجموعی طورپر6 افسران کیلئے9 گاڑیاں کرایہ پرحاصل کی گئی ہیں جن میں ایک لینڈکروزرجیپ نمبریLOU-8075 چیف انجینئرآفس ملتان اوردیگر8 کرایہ کی گاڑیوں میں سے تین گاڑیاں LEC-94،گاڑی نمبر270 اورACG-944 کیاسپورٹیج سیکشن آفیسر تمثیل عباس اورسیکرٹری انہار جنوبی پنجاب کی ملکیت ہیں۔

رینٹ پرگاڑیاں فراہم کرنیوالے کنٹریکٹر سے ملی بھگت کرکے ان کے ذریعے سے خزانہ سرکار سے ان گاڑیں کارینٹ وصول کررہے ہیں اس کے علاوہ6 افسران کیلئے9 کرایہ کی گاڑیوں کاحصول سرکاری خزانہ پرکرایے کی مدمیں بوجھ کے علاوہ ان کافیول بھی خزانہ سرکار سے حاصل کیاجارہاہے یہ بھی بتایاجاریاہے کہ ورک چارج پرجوملازمین رکھے گئے ہیں وہ افسران کے ذاتی ملازم ہیں اورخزانہ سرکار سے لاکھوں روپے ماہانہ تنخواہیں دی جارہی ہیں ذرائع کاکہنا ہے کہ سیکرٹری انہار جنوبی پنجاب کی سرکاری رہائش گاہ پرکام کرنیوالی دوخواتین کاتعلق دیپال پور اورفیصل آباد سے ہے اورانہیں بھی ورک چارک پر تعینات کیاگیاہے حالانکہ ورک چارج پالیسی کے مطابق متعلقہ ضلع سے باہرکاکوئی فرد بھی ورک چارج پرتعینات نہیں ہوسکتاہے۔

ذرائع کاکہناہے کہ انہارسیکرٹریٹ جنوبی پنجاب سے افسران اورماتحت عملہ اکثرغائب اوراپنے ذاتی کام کاج میں مصروف رہتے ہیں۔ اورمہینہ ختم ہونے کے بعد اپنی تنخواہیں اوراضافی الاونسز وصول کرکے خزانہ سرکار کوبھاری نقصان پہنچ رہے ہیں۔ میڈیامیں انہارسیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کی کروڑوں روپے کی کرپشن بے نقاب ہونے کو ایک ماہ کاعرصہ گزرچکاہے لیکن اس پرکوئی پیشرفت نہ ہوئی ہے جو موجودہ پنجاب حکومت کیلئے ایک سوالیہ نشان ہے۔ اس حوالے سے سیکشن آفیسر جنرل ڈاکٹرتمثیل عباس نے کہاکہ تمام الزامات حقائق کے برعکس ہیں ان الزامات بارے مزید جانناچاہتے ہیں توایڈیشنل سیکرٹری انہار سے رابطہ کریں۔