بچوں سے سکولوں میں صفائی کرانے پر پابندی عائد

لاہور ( خبر نگار،ایجوکیشن رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گورنمنٹ جونیئر ماڈل ہائی سکول ماڈل ٹاون کا 2 گھنٹے تفصیلی دورہ کیا، بعض کلاس رومز میں فرنیچر تک موجود نہیں تھا، بچے زمین پر بیٹھ کر تعلیم حاصل کررہے تھے، واش رومز میں گندگی ،پانی غائب تھا ،الیکٹرک واٹر کولرز خراب ،کلاس رومز میں ٹوٹا فرنیچر ،وائٹ بورڈز خراب ،دروازے خستہ حال ،کھڑکیوں کے شیشے ، جالیاں غائب ، کلاس رومز میں صفائی کی ابتر صورتحال تھی جبکہ 750 بچوں کے سکول کےلئے صرف ایک خاکروب ہے، کھیلوں کی سرگرمیاں بند تھیں،کلاس رومز میںپینٹ اکھڑا ہوااور جالے تھے،لائٹس کم ،کمپیوٹر لیب نان فنکشنل اور سائنس لیب کی بری حالت تھی۔

وزیراعلیٰ نے سکول کی حالت زار دیکھ کر شدیدناراضگی کا اظہارکیا،فوری طور پر صوبائی وزیر تعلیم منصور قادر،سیکرٹری سکولز ایجوکیشن،سیکرٹری تعمیرات ومواصلات اور چیف ایگزیکٹو افسرسکولز ایجوکیشن کو سکول بلایا،محسن نقوی ہر کلاس روم میں گئے،بچوں سے ملاقات کی ،مسائل پوچھے، بچوں نے شکایات کاانبار لگادیا اوربتایا سکول ،کلاس رومز کی خود صفائی کرتے ہیں،وزیراعلیٰ نے بچوں سے صفائی کرانے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پنجاب بھر میں بچوں سے سکولوں میں صفائی کرانے پر پابندی عائدکردی۔

محسن نقوی نے لاہور اور سموگ سے متاثرہ شہروں کے سکولوں کے بچوں کو فری ماسک دینے کا حکم دیا ،واش رومز ، واٹر کولرز ٹھیک کرنے ،صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت دی، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مارکیٹ سے تدریسی کتب خریدنے والے بچوں کے پیسے واپس کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاسکول میں کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کی جائیں گی ،صوبائی مشیر وہاب ریاض خود سکول آ کر بچوں کےساتھ کرکٹ کھیلیں گے،سکول میں نیا فرنیچر،وائٹ بورڈ زجلد فراہم کر دئیے جائیں گے۔

وزیر اعلیٰ نے کہابچوں کازمین پر بیٹھ کر تعلیم حاصل کرناشرمناک ہے، ذمہ دار محکمہ تعلیم ہے،بچے تابناک کل ہیں،تعلیمی سہولتیں دینا فرض ہے،دریں اثناشاہدرہ فلائی اوورز پراجیکٹ نے بھی محسن سپیڈ پکڑ لی،وزیراعلیٰ کے مسلسل دورے ومانیٹرنگ سے منصوبے کا95فیصد کام مکمل ہو گیا،محسن نقوی نے علی الصبح شاہدرہ فلائی اوورز منصوبے کا دورہ کرکے لاہور سے گوجرانوالہ سائٹ پر نوتعمیر شدہ اوورہیڈ برج کا جائزہ لیا،وزیراعلیٰ نے ڈی جی پی ایچ اے کو پراجیکٹ کے دونوں اطراف بھرپور شجرکاری و لینڈ سکیپنگ کی ہدایت کرتے ہوئے کہاداخلی راستے کو پھولدار پودوں ،درختوں سے خوبصورت بنایا جائے ،محسن نقوی نے منصوبے پر ہونےوالی پیش رفت پر اطمینان کا اظہارکیا اور کہاشاہدرہ فلائی اوورز رواں ماہ کے وسط میں ٹریفک کےلئے کھول دیا جائےگا۔