غیر قانونی مقیم افراد بارے حکومتی فیصلے پر من و عن عمل کروائیں گے :آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پنجاب میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں کے انخلا کے پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں، غیر قانونی مقیم افراد کے انخلا کے حکومتی فیصلے پر من و عن عمل کروائیں گے،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ 03 نومبر سے پنجاب بھر میں مرحلہ وار غیر قانونی مقیم تارکین وطن کے انخلا کا آغاز ہو گا، آئی جی پنجاب راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان ڈویڑن سے غیر قانونی مقیم شہریوں کا انخلا ہو گا، ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو مخصوص پوائنٹس سے پنجاب کی حدود سے باہر منتقل کیا جائے گا،غیر قانونی مقیم شہریوں کو منتقلی عمل کے دوران ہولڈنگ پوائنٹس پر رکھا جائے گا،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ غیر قانونی منتقلی کیلئے ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس، کھانے پینے سمیت دیگر انتظامات متعلقہ ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہو گی اور اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ کلوز کوارڈی نیشن سے بہترین اانتظامات یقینی بنائے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس میں غیر قانونی مقیم شہریوں کے انخلا کی مہلت کے آخری روزافسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔دریں اثناءانسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے کینیڈین پولیس کے وفد نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی، رائل کینیڈین ماو¿نٹڈ پولیس کے وفد میں لائیزون آفیسر ڈیوڈ ڈولوڈ (Mr. David Dulude)اور مدیحہ فاروق سمیت دیگر افسران شامل تھے۔ ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ طارق رستم چوہان، ڈی آئی جی ٹریننگ منیر احمد ضیاء،ڈی آئی جی آر اینڈ ڈی خرم شکور،اے آئی جی ایڈمن عمارہ اطہر سمیت سینئر افسرا ن نے میٹنگ میں شرکت کی، دوران ملاقات ٹریننگ شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پنجاب پولیس کے ٹریننگ نصاب کو ماڈرن پولیسنگ کے ایس او پیز پر اپ گریڈ کیا گیا ہے اور دوران ٹریننگ جدید ٹیکنالوجی، فارنزک سائنس اور انویسٹی گیشن کے جدید ماڈیولز کو فیلڈ میں استعمال کرنے کی تربیت کو تقویت دی جارہی ہے۔ آئی جی پنجاب نے کینیڈین وفد کو بتایا کہ کمیونٹی پولیسنگ کے اقدامات کے فروغ کیلئے صوبے کے تمام اضلاع میں پولیس تحفظ مراکز قائم کئے ہیں، ان تحفظ مراکز سے ٹرانسجینڈرز، خواتین، بے گھر بچوں اورعدم تحفظ کے شکار افراد کے سہولت کیلئے بھرپور اقدامات جاری ہیں۔ کینیڈین وفد نے دہشت گرد کے خلاف جنگ میں پنجاب پولیس کی بروقت کاروائیوں اور کامیابیوں کو قابل ستائش قرار دیا۔ مسٹرڈیوڈ ڈولوڈ نے کہاکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کاموثر استعمال اورکمیونٹی پولیسنگ کے اقدامات عہد حاضر کی اہم ضرورت ہیں۔ دوران ملاقات پنجاب پولیس اور کینیڈین پولیس کا انفارمیشن شیئرنگ اور پیشہ ورانہ تعاون کو بڑھانے پر اتفاق رائے کیا گیا۔ ملاقات کے آخر میں آئی جی پنجاب اور کینیڈین پولیس افسر کے مابین یادگاری سوونیئرز کا تبادلہ کیا گیا۔