کوٹ چھٹہ( ثنا اللہ میرانی ) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کوٹ چھٹہ بستی ملانہ میں مستحق خواتین کے نئے سروے کے اندراج کی مد میں ماہانہ مبینہ 1 کروڑ سے زائد کی کرپشن کا انکشاف، انچارچ سنٹر نصیب علیانی لغاری اپنے ایجنٹ بشیر مرزیانی کے ذریعے فی خاتون 2 سے 3 ہزار رشوت لے کر سروے میں اہل کرواتس ہے ، روزانہ 100 سے 130 تک خواتین کو سروے میں رجسٹرڈ کیا جاتا ہے، رشوت نہ دینے والی خواتین سارا دن دفتر کے سامنے ذلیل خوار ہو کر بھوکی پیاسی گھروں کو لوٹ جاتی ہیں ، خواتین کا ڈائریکٹر جنرل اسلام آباد، ڈپٹی ڈائریکٹر بے نظیر ڈیرہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔تفصیل کے مطابق کوٹ چھٹہ بستی ملانہ میں قائم بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دفتر میں مستحق خواتین کے سروے کی مد میں ماہانہ مبینہ 1 کروڑ سے زائد کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔انچارج سروے سنٹر نصیب علیانی لغاری نے اپنے ہی اہلکار بشیر مرزیانی کو بطور ایجنٹ مقرر کررکھا ہے۔ بشیر مرزیانی روزانہ فی خاتون 2000 سے 3000 ہزار روپے رشوت لے کر 100 سے 130 خواتین کے شناختی اکٹھے کرکے نصیب علیانی لغاری کو دیتا ہے۔ نصیب علیانی لغاری اسی شناختی کارڈ والی خواتین کو باری باری بلا کر سروے کرتا ہے۔ ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ رشوت دینے والی خواتین غیر مستحق گھرانے کی ہوتی ہیں۔انچارج سنٹر رشوت کے عوض غیر مستحق خواتین کو مستحق بنا کر سروے کرتا ہے۔ مستحق غریب خواتین رشوت نہ دینے کی وجہ سے سارا دن بھوکی پیاسی دھکے کھا کر گھروں کو لوٹ جاتی ہیں۔بے نظیر انکم سپورٹ سروے سنٹرپر موجود خواتین امڑاں مائی، وسو مائی ، سیانی مائی ، عائشہ مائی، مریم مائی، عزت مائی ودیگر نے صحافیوں کو بتایا ہم ایک ہفتہ سے روزانہ آرہی ہیں۔ روزانہ اندر سے رشوت دینے والی خواتین کو باری باری بلا کر سروے کیا جا رہا ہے۔ ہم غریب رشوت نہ دینے کی وجہ سے ہفتہ سے دھکے کھا رہی ہیں۔ خواتین نے مزید کہا کہ ہمیں بشیر مرزیانی نامی شخص نے کئی بار کہا کہ تم 2000 ہزار دو آپ کا نام آج ہی سروے میں گارنٹی کے ساتھ درج کروا دوں گا۔ بغیر رشوت کے روزانہ دھکے کھا کر ذلیل خوار ہو کرگھروں کو لوٹ جاو گی۔ غریب خواتین نے ڈائریکٹر جنرل بے نظیر اسلام آباد، ڈپٹی ڈائریکٹر بے نظیر ڈیرہ غازی خان سے ہمارا مطالبہ ہے کہ کرپٹ انچارج سروے سنٹر نصیب علیانی لغاری اور بشیر مرزیانی کے خلاف نوٹس لیتے ہوئے ان کو فوری طور پر تبدیل کیا جائے۔ اس ضمن میں نصیب علیانی لغاری سے موقف لیا گیا تو اس کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے آفیسران بالا سے حکم ملا ہے آپ صحافیوں کو کسی قسم کا موقف نہ دیں۔ آپ جو لکھنا چاہیں لکھ دیں۔ ہم کوئی موقف نہیں دے سکتے۔
کوٹ چھٹہ ، بی آئی ایس پی میں مستحق خواتین کے اندراج کی مد میں مبینہ کرپشن کا انکشاف


















