مسلمان حکمرانوں کو نئی صف بندی کی ضرورت ہے ،ختم نبوت کانفرنس سے مقررین کا خطاب

چناب نگر، چنیوٹ (انس نعمان عثمانی+ رانا وقاص) عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیر اہتمام مرکز ختم نبوت مسلم کالونی چناب نگر میں منعقد ہونے والی آل پاکستان سالانہ ختم نبوت کانفرنس قبلہ اول بیت المقدس اور فلسطین کے مسلمانوں کے تحفظ و ملکی سلامتی کی رقت آمیز دعا کے ساتھ پایہ تکمیل کو پہنچ گئی ہے۔ کانفرنس کی متعدد نشستوں سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ قادیانی آج بھی پاکستان میں وہ حیثیت حاصل کرنا چاہتے ہیں جو یہودیوں کو امریکہ میں حاصل ہے، مثبت امیج کے نام پر تحفظ ختم نبوت اور عقائد اسلامیہ پر شب خون مارنے کی سازش ہو رہی ہے ، عقیدہ ختم نبوت اور دینی تعلیمات و اسلامی اقدار اور علماءکرام کو دیوار سے لگانے کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہو نے دیا جائیگا، فلسطین پر حملہ عالم اسلام پر حملہ ہے مسلمان حکمرانوں کو مغرب سے ڈکٹیشن لینے کی بجائے آزاد حکمت عملی اور نئی صف بندی کی ضرورت ہے ۔غزہ میں بے بس اور مظلوم مسلمانوں کی امدادکرنا پوری دنیا بالخصوص عالم اسلام کے فرائض میں شامل ہے ،عالم اسلام کے حکمران مذمتی بیان دینے کی بجائے اسرائیلی مظالم کو رکوانے میں عملی طور پر اقدامات کریں ، مسجد اقصیٰ کی حرمت کی حفاظت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے ،اسرائیل کی ہسپتالوں اور مساجد پر بمباری جنگی جرائم میں شامل اور جنیواکنونشن کی واضح خلاف ورزی ہے ۔یورپی اور افریقی ممالک سمیت دنیا بھر میں عقیدہ ختم نبوت کی حقانیت و قطعیت اور تقدیس رسالت کا مقدس مشن پوری آب وتاب کیساتھ جاری رکھا جائیگا ۔کانفرنس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ امتناع قادیانیت ایکٹ کی روشنی میں قادیانیوں کو اسلامی شعائر، کلمہ طیبہ اور قرآنی آیات کے استعمال سے منع کیا جائے قادیانیوں کو سول اور فوج کے تمام کلیدی عہدوں سے ہٹایا جائے اور دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں میں عقیدہ ختم نبوت کی اہمیت و فضیلت پر آگاہی پروگرام منعقد کئے جائیں ۔ کانفرنس کی مختلف نشستوں کی صدارت امیرمرکزیہ پیر حافظ ناصرالدین خاکوا نی ،نائب مرکزیہ صاحبزادہ خواجہ عزیز احمد ، خانقاہ سراجیہ کے سجادہ نشین صاحبزادہ خواجہ خلیل احمد نے کی جبکہ کانفرنس سے،جمعیت علمائے اسلام کے سنیٹر مولانا عبد الغفور حیدری ، جماعت اسلامی کے سراج الحق،چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کے مولانا سیدعبد الخبیر آزاد ،مولانا الیا س چنیوٹی، ممتاز دانشور عبداللہ گل، عالم دین مولانامفتی شہاب الدین پوپلزئی سمیت متعدد مذہبی رہنما¶ں نے شرکت و خطاب کیا۔ تفصیلات کے مطابق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبد الغفور حیدری نے کہا کہ اسلام کے نام پربننے والے پاکستان میں اسلامی عقائد اور دینی اقدار کا تحفظ کرنے کی بجائے انہیںمسلسل پامال کیا جارہا ہے ، آگ اور خون سے کھیل کراور جبرواستبداد برداشت کرتے ہوئے پاکستان کو حاصل کیا گیا تھا لیکن بدقسمتی سے یہاں پر ناموس رسالت اور ناموس صحابہ واہلبیت محفوظ نہیں ،پاکستان کا پہلا وزیر خارجہ ایک جنونی قادیانی کو اور وزیر قانون ایک ہندو کو بنایا گیا تھا ۔ جماعت اسلامی کے سراج الحق نے کہا کہ آپ کی محبت ایمان کا تقاضاہے کہ اسلام کے غلبہ سے اسود عنسی اور مسیلمہ کذاب جیسے منکرین ختم نبوت کا خاتمہ ہوا قادیانی آج بھی حساس اداروں میں موجود ہیں ختم نبوت کے پاسبانوں کی حکومت ہوتی تو انکار ختم نبوت کا فتنہ کب سے ختم ہو گیا ہو تا ،مغربی ممالک فتنہ قادیانیت کی پشت پناہی کرکے مسلمانوں تفرقہ پھیلانے اور امت مسلمہ کو تقسیم کرنے کے فارمولے پر عمل پیرا ہیں عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کا یہ کارنامہ ہے کہ امت کو فرقہ واریت سے بچاتے ہوئے وحدت امت کا مضمر عقیدہ ختم نبوت کے دفاع کا فریضہ سر انجام دے رہی ہے۔عبداللہ گل نے کہا کہ تحفظ ختم نبوت کا جذبہ آج بھی امت مسلمہ میں موجود ہے ،قادیانی سازشوں کو ہمارے سروں پر سوار کرنے کی کوشش ہو رہی ہے ،تاج برطانیہ کوسیلوٹ کرنے والے ہم سے ہمارا ایمان اور عقیدہ چھیننا چاہتے ہیں ، فلطین کی مسلمان عورتیں اور بچے امت مسلمہ کو اور مسلم حکمرانوں کو آواز دیتے ہوئے نظر آتے ہیں ،ہمیں سفارتی اور اخلاقی اور مذمت کے دائرے سے نکل کر اسرائیل کی مرمت کا فریضہ سرانجام دینا ہوگا۔ مولانا سید عبدالخبیر آزادنے کہا کہ 1974ءمیں اسلامیاں پاکستان کی مسلسل جدوجہد کے نتیجہ میں کئی دنوں کی بحث کے بعد پاکستان کی پارلیمنٹ نے یہ فیصلہ کیا کہ فتنہ قادیانیت کا اسلام کے ساتھ کوئی تعلق نہیں، ہم سب مسلمان اس مشکل وقت میں مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور اسرائیلی مظالم کی کھلم کھلا مخالفت اور مذمت کرتے ہیں ۔ مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے کہا کہ جس کا تعلق ختم نبوت سے نہیں ہے اس کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ دنیا کی تمام استعماری طاقتیں عقیدہ ختم نبوت سے ہمارا رشتہ توڑنا چاہتے ہیں اللہ تعالیٰ نے ہمیں اسلام اور ختم نبوت کا چوکیدار بنایا ہے ۔ مسجد و مذہب سے ڈرنے والے سن لیں کہ محمد عربی کے پروانے میدان میں آنے کو تیار ہیں۔ قبل ازیں کانفرنس کی مختلف نشستوں سے مولانا توصیف احمد، مولانا طیب فاروقی، مولانا عبدالرزاق مجاہد، مفتی محمد خالد میر، مولانا نور محمد ہزاروی ،، مولانا علیم الدین شاکر ، مولانا وسیم اسلم ، مولانا عبدالحکیم نعمانی، مولانا فقیر اﷲ اختر، مولانا محمد عابد کمال، مولانا شاہد عمران عارفی، مولانا محمد قاسم گجر، طاہر بلال چشتی،مولانا تجمل حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کے تحفظ کے ساتھ ملک کے دفاع کا فریضہ بھی ہر مسلمان پر عائد ہوتا ہے۔ ہمیں ہر حال میں اسلام کا علم اور پاکستان کا پرچم بلند رکھنا ہوگا۔