لاہور (اپنے رپورٹر سے+ ہیلتھ رپورٹر) محکمہ سوشل ویلفیئر پنجاب کے زیر اہتمام اقوام متحدہ پاپولیشن فنڈ کے تعاون سے خواتین کے خلاف تشدد کے حوالے سے ایکشن پلان کا جائزہ لینے کیلئے ماہرین کے مشاورتی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ سینئر سرکاری افسران، ماہرین اور ریسرچرز نے خواتین سے متعلق موجودہ قوانین کے نفاذ پر تبادلہ خیال کیا اور تشدد سے متاثرہ خواتین کیلئے دستیاب سروسز کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر پنجاب ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا اور ان کے حقوق کا تحفظ حکومت پنجاب کی اوّلین ترجیح ہے۔ خواتین کیخلاف تشدد سے نمٹنے کیلئے ادارہ جاتی تعاون اور منظم کوششوں کی ضرورت ہے۔ سیکرٹری سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ ظہور حسین نے تشدد کے واقعات کو کم کرنے کیلئے عام آدمی کی سطح پر خواتین سے متعلق قوانین کی آگاہی مہم چلانے پر زور دیا۔ سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب سمیرا صمد نے خواتین سے متعلق قانون سازی، دستیاب سہولیات اور درپیش چیلنجز کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ دریں اثناءنگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے علامہ اقبال میڈیکل کالج میں پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ندیم حفیظ بٹ کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر فیئرویل تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر ندیم حفیظ بٹ کا پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے شاندار استقبال کیا گیا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔ نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے پروفیسر ڈاکٹر ندیم حفیظ بٹ کو اس موقع پر یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔ نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان میں ریٹائرمنٹ کی معیاد میں توسیع ہونی چاہئے۔ دنیا کے کئی ممالک میں ریٹائرمنٹ کی معیاد ہی ختم کر دی گئی ہے۔ مجھے میرے بھائی ندیم حفیظ بٹ پر فخر ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر ندیم حفیظ بٹ نے جناح ہسپتال کو بہت اچھی طرح چلایا۔ علامہ اقبال میڈیکل کالج میں بطور پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ندیم حفیظ بٹ نے شاندار دور گزارا ہے۔
خواتین کو بااختیار بنانا اور انکے حقوق کا تحفظ حکومتی مشن ہے :ڈاکٹر جاوید اکرم



















