عیسیٰ خیل:کرائے کم نہ کرنے پر ٹرانسپورٹر ز اور مسافروں میں لڑائی جھگڑے معمول

عیسی خیل (شاہد حیات) پٹرولیم مصنوعات میں نمایاں کمی ہونے کے باوجود ضلع میانوالی میں ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کوئی تبدیلی رونما نہیں ہوئی۔ کسی گاڑی والے نے کرایہ کم کرنے کی زحمت گوارہ نہیں کی جسکی وجہ سے مسافروں اور ٹرانسپورٹر کے درمیان روزانہ کی بنیاد پر جھگڑے اور تکرار ہورہی ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی اس معاملے میں صفر ہے۔ ڈپٹی کمشنر میانوالی کی کسی عوامی مسئلہ میں کوئی دلچسپی نظر نہیں آتی۔ سیکٹری آر ٹی اے اور ڈی ایس پی ٹریفک بھی خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ جبکہ مہنگائی غربت اور بے روزگاری سے تنگ عوام کو ٹرانسپورٹر مرضی کے مطابق لوٹ رہے ہیں۔ دوسرے اضلاع میں ڈپٹی کمشنر صاحبان نے تمام ٹرانسپورٹر ز کو ہر گاڑی میں نئی منظور شدہ کرایہ نامہ کی لسٹیں لگانے کا حکم جاری کردیا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جاریا ہے لیکن ڈپٹی کمشنر میانوالی خاموشی سے عوام کو لوٹتا ہوا دیکھ رہے ہیں۔ ضلع بھر کی عوام ڈپٹی کمشنر میانوالی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ خواب غفلت سے بیدار ہوکر عوامی مسئلہ کو فوری حل کرنے کی عملی کاروائی کا آغاز کریں اور نئے کرایہ نامہ کی لسٹ ہر گاڑی میں آویزاں کرنے کا حکم جاری کریں۔ ورنہ ٹرانسپورٹرز اور مسافروں کے درمیان آئے روز ہونے والے جھگڑے کسی خوفناک حادثہ کا باعث بن سکتے ہیں۔