پھول نگر(محمد صابر)بلدیہ پھول نگر کی لاپرواہی یا مجرمانہ غفلت سے پھول نگر شہر لاوارث دکھائی دینے لگا ،پھول نگر کے گلیاں ،محلے ،بازار اور سڑکیں جوہڑوں اور فلتھ ڈپو میں تبدیل ہو کر رہ گئیں ،بلدیہ افسران سب کچھ جاننے کے باوجود گونگے،بہرے اور اندھے بن گئے ۔
پھول نگر بلدیہ میں ملازمین کی فوج ظفر موج ہونے کے باوجود جہاں پھول نگر کی گلیوں اور نالیوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے جوہڑوں میں تبدیل ہو چکی ہیں وہیں پر بازار اور سڑکیں بھی فلتھ ڈپو کا روپ اختیار کر چکی ہیں بلدیہ کی فوج ظفر موج کے ملازمین یا تو حاضری لگا کر سارا سارا دن گھروں میں پڑے رہتے ہیں یا مٹر گشت میں ڈیوٹی ٹائم گزار کر گھروں کا رخ اختیار کر لیتے ہیں ۔
گلی محلوں میں تعینات لیڈیز سینٹری ورکرز جو کہ محکمہ سے ہر ماہ ہزاروں روپے تنخواہیں وصول کر رہی ہیں لیکن جب تنخواہوں سے پیٹ نہیں بھر رہا تو ہر گلی محلہ کے گھروں کو جگا ٹیکس لگا کر صرف انہی کے گھروں سے کوڑا کرکٹ اٹھاتی ہیں جن سے وہ منتھلی وصول کرتی ہیں جبکہ نہ تو گلیوں میں کبھی جھاڑو ہی دیتی ہیں اور نہ ہی روزانہ کی بنیاد پر نالیوں کی صفائی کی جاتی ہے جبکہ اس کے برعکس جمعدار جو ان کے اوپر تعینات ہے معمولی سی صفائی کروا کر فوٹو سیشن کرکے افسران بالا کی آنکھوں میں دھول جھونک کر سب اچھا کی رپورٹس بنا کر بھیج دی جاتی ہیںگلی ڈاکٹر نظام دین والی زندہ مثال ہے جس کی چھ مہینہ سے صفائی ہی نہیں ہوئی ۔
صفائی نہ ہونے کی وجہ سے نالیاں بند ہونے اور روزانہ کی بنیاد پر صفائی نہ ہونے سے گلیاں ،محلے،بازار اور سڑکیں جوہڑوں اور فلتھ ڈپو میں تبدیل ہو کر رہ گئیں ہیں جب اس کی بابت COبلدیہ پھول نگر سے رابطہ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے تو پتہ چلا موصوف تو ہفتہ میں ایک آدھ بار ہی دفتر کا چکر لگاتا ہیں اور اگر صفائی کی بابت لیڈیزسینٹری ورکرزسے کہا جاتا ہے تو دو ٹوک جواب دیتی ہیں کہ ہم سے بات مت کرو ہمارے افسران سے بات کرو ۔
پھولنگر گندگی میں تبدیل،شہری سراپا احتجاج

















