سیاسی جلسوں میں سرکاری مشینری کا بے دریغ استعمال قانون کے منافی ہے:پیپلز پارٹی


قصور (مہرحسن حسین ) پیپلز پارٹی کے ضلعی دفتر میں سیاسی پارٹیوں کے رہنماﺅں نے اسرائیلی بربریت اور مظالم نگران حکومت اور ضلعی انتظامیہ کا رویہ اساتذہ کی گرفتاریوں کے خلاف پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما چودھری منظور احمد ایڈووکیٹ نے اسرائیلی جارحیت اور مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا مظلوم فلسطینیوں کیلئے پانی تک بند کردیا گیا ہے ،زخمی ہونے والوں کو علاج معالجوں کی سہولت نہ ہونے کے برابر ہے، انہوں نے نگران حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے رویہ پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ملک کی ایک جماعت کو تما م تر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں اس کے خلاف ہم احتجاج کریں گے ۔

سابق صوبائی وزیراور استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما ریٹائر کرنل محمد ہاشم ڈوگر نے نگران حکومت اور ضلعی انتظامیہ سرکاری بلڈنگ میں سیاسی جلسے منعقد کروا کر عوام میں ایک تاثر دیا جارہا ہے جس کو ہم برداشت نہیں کریں گے ،سیاسی جلسوں میں سرکاری مشینری کا بے دریغ استعمال الیکشن کمیشن کی ہدایات اور قانون کے منافی ہے، ضلعی انتظامیہ غیر جانب درانہ رویہ رکھے ورنہ ہم انکے خلاف احتجاج کریں گے ۔

جماعت اسلامی کے رہنما جاوید محمود قصور ی نے کہا حکومت نے اساتذہ کے جائز مطالبات تسلیم کرنے کی بجائے انہیں گرفتا رکرکے انکی تضحیک کی ہے ،استاد قوم کے معمار ہوتے ہیں انکی تذلیل کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ،گرفتار اساتذہ کو فوری رہا کیا جائے ،دیگر رہنماوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا موٹروے کے منصوبے کا افتتاح چند لوگوں کو نواز نے کا ایک بہانہ تھا،اگر نگران حکومت نے جانب دارانہ رویہ اختیار کیا تو اسکے خلاف احتجاج کریں گے ۔