آگیگا کا پنشن رولز میں ترمیم، سکولوں کی نجکاری کےخلاف احتجاج

عیسیٰ خیل (جہانگیر خان ) آگیگا کےپلیٹ فارم سے پی ٹی یو پنجاب سمیت دیگر تمام صوبائی سرکاری ملازمین نے تحصیل عیسیٰ خیل میں بھرپور احتجاج کیا، آگیگا کی کال پر آگیگا تحصیل عیسیٰ خیل کے تمام ملازمین ریلی کی صورت میں کچہری عیسیٰ خیل اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر میں اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے پہنچے اور گیٹ کے سامنے پنجاب حکومت کے کالے قانون لیو انکیشمنٹ اور پنشن رولز میں ترمیم، سکولوں کی نجکاری کےخلاف شدید نعرے بازی کی اور اسسٹنٹ کمشنر کو قائدین نے صحافیوں کی موجودگی میں اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔

قائدین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کالے قانون کے خاتمے تک ہر قسم کی ڈیوٹی کا بائیکاٹ جاری رہے گا نگران حکومت ہوش کے ناخن لے، کسان مزدور ریڑھی فروٹ سبزی فروش کے بچوں پر تعلیمی دروازے بند کیے جارہے ہیں جو لوگ اس مہنگائی میں بیس روپے فروغ تعلیم کیلئے نہیں دے سکتے وہ سکول پرائیویٹ ہونے کے بعد بھاری بھاری فیسیں کیسے ادا کریں گے۔

قائدین نے کہا لاہور میں پرامن احتجاج کرنے والے اساتذہ ، ملازمین کی گرفتاری انتہائی قابل مذمت ہے،حکومت اساتذہ کا معاشی قتل عام بند کرئے ،پینشن، گریجویٹی اور لیوانکیشمنٹ پر ڈاکے کو مسترد کرتے ہیں، حکومت سرکاری سکولز کی نجکاری کا فیصلہ واپس لے، گذشتہ 10 سال سے ایڈہاک پر ملازمت کرنے والے ایس ایس ٹی ٹیچرز کو مستقل کیا جائے، اساتذہ حقوق کی دشمن کسی حکومتی پالیسی کو نہیں مانتے، مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا،نجکاری کے بجائے کرپشن ختم کی جائے،مفت تعلیم اور صحت کی سہولت دینا ریاست کی ذمہ داری ہے پہلے ہی مہنگائی نے غریب عوام کا جینا محال کر دیا ہے عوام کیسے سکولوں کی فیس برداشت کریں گے ،کسان ونگ ونمبرداروں کے تحصیل عیسیٰ خیل کے صدر احسان اللہ آف ترگ اور تحصیل صدر بار ایسوسی ایشن عیسیٰ خیل اقبال خان لوہان خیل نے بھی ٹیچرز سے اظہار یکجہتی کےلئے احتجاج میں شرکت کی۔