آرگنائزڈ کرائم یونٹ محکمے کے ماتھے کا جھومر ہے :آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی میں زخمی ہونے والے غازی پولیس اہلکاروں کے علاج معالجے کیلئے مزید 13 لاکھ روپے سے زائد فنڈز جاری کر دئیے ہیں جو لاہور سمیت مختلف اضلاع کے پولیس اہلکاروں کو علاج معالجے اور دیگر اخراجات کیلئے دئیے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق ہیڈ کانسٹیبل یوسف، کانسٹیبل شوکت علی کو علاج معالجے کیلئے 3 لاکھ روپے فی کس دئیے گئے، کانسٹیبلز ندیم عباس اور اسد علی کو علاج معالجے کیلئے 2 لاکھ روپے فی کس جاری کئے گئے اسی طرح سب انسپکٹر سرور، اے ایس آئی افتخار احمد اور کانسٹیبل وقاص احمد کو علاج کیلئے ایک لاکھ روپے فی کس دئیے گئے۔ غازی پولیس افسران و اہلکار شہریوں کی حفاظت کے دوران جرائم پیشہ عناصر کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوئے تھے۔ دریں اثناء آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم یونٹ لاہور کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ ڈی ایس پی آرگنائزڈ کرائم نواں کوٹ رضوان چیمہ اور اے ایس آئی رمضان بھی ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنگین وارداتوں میں ملوث جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی ، بہترین کارکردگی پر ڈی ایس پی رضوان چیمہ اور اے ایس آئی رمضان کو تعریفی اسناد اور نقد انعام سے نوازا۔ اس موقع پر ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ آرگنائزڈ کرائم یونٹ لاہور کارکردگی کے لحاظ سے پنجاب پولیس کے ماتھے کا جھومر ہے، انہوں نے ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم یونٹ لاہور کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک کی کارکردگی کو سراہا، ڈی آئی جی کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے کہا کہ آئی جی پنجاب کے ویژن کے تحت آرگنائزڈ کرائم یونٹ نے خطرناک مجرموں کیخلاف کارروائیاں مزید تیز کی ہیں اور مجرمان کو قانون کی گرفت میں لایا جا رہا ہے ۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس خدمت مرکز لبرٹی مارکیٹ کا دورہ کیا اور سٹاف کی ورکنگ کا جائزہ لیتے ہوئے شہریوں سے خدمات کی فراہمی بارے استفسار کیا۔ ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس ریاض نذیر گاڑا سمیت سینئر پولیس افسران ہمراہ تھے، ایس ڈی پی او گلبرگ اے ایس پی سیدہ شہربانو نے سینئر افسران کو خدمت مرکز کی اپ گریڈیشن، سہولیات میں بہتری بارے بریفنگ دی، آئی جی پنجاب نے مختلف کاونٹرز کا دورہ کیا اور شہریوں سے سروسز کے معیار بارے خود فیڈ بیک لیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پولیس خدمت مراکز لاہور سمیت صوبہ بھر میں 01 کروڑ 75 لاکھ شہریوں کو پولیس سروسز فراہم کر چکے ہیں، آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس خدمت مراکز کے ذریعے پولیس خدمات کو کرائم پریوینشن اور ڈیٹیکشن سے علیحدہ کیا گیا ہے، ان مراکز میں شہریوں کو ایک ہی چھت تلے کریکٹر سرٹیفیکیٹ، تجدید ڈرائیونگ لائسنس سمیت پولیس سے متعلقہ 14 سے زائد سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ روبو کالز کے فیڈ بیک میں 96 فیصد شہریوں نے پولیس خدمت مراکز کی کارکردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا ہے، پولیسنگ اور سروسز سے متعلقہ تمام سہولیات اور خدمات پر سٹیزن فیڈ بیک سسٹم سے رہنمائی لے رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس خدمت مرکز پر تعینات سٹاف سے گفتگو کرتے ہوئے خوش اخلاقی اور مزید تندہی سے فرائض ادا کرنے کی ہدایت کی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پولیس خدمت مراکز میں آنے والے تمام شہریوں کو بلا امتیاز بہترین ماحول میں سروسز کہ فراہمی یقینی بنایا جائے۔