اسلام آباد(بیورورپورٹ)لیگی سینیٹر افغان کےساتھ جھگڑا کیس میںایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے وکیل شیر افضل مروت کی ضمانت کنفرم کر دی،مار کٹائی کیس کی سماعت ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں ہوئی۔
وکیل صفائی عادل قاضی نے کہا سینیٹر افنان نے شیر افضل مروت کےخلاف پہلے الگ درخواست دی، بعد ازاں دوسری درخواست پر مقدمہ درج ہوا، دوسری درخواست میں دھمکی دینے کی دفعات کو بھی شامل کر دیا گیا، ٹوئٹس میں سینیٹر افنان نے کہا شیر افضل مروت کو پیٹا ہے،وکیل نے مزید کہا شیر افضل مروت سے کسی قسم کی برآمدگی نہیں کی گئی، شیر افضل مروت ذیابیطس کے مریض ہیں، جج نے کہا شیر افضل ذیابیطس کے مریض ہیں تو پروگراموں میں جانے کی بجائے علاج کرائیں۔
مدعی وکیل آدم خان نے کہا شیر افضل مروت نے ویڈیو میں تسلیم کیا افنان کو مارا، لڑائی کے بعد افنان کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی، عدالت اس بات کو بھی ذہن میں رکھے کس نے پہلے مارا، سینیٹر افنان نے اندراج مقدمہ کروا کر قانون کا غلط استعمال نہیں کیا،وکیل آدم خان نے کہا نیشنل ٹی وی چینل پر سینیٹر افنان کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
وکیل صفائی نے کہا شیر افضل مروت ذیابیطس کے مریض ہیں، جذبات میں وقوعہ پیش آیا،مدعی وکیل نے کہا شیر افضل مروت نے قسم کھائی انہوں نے سینیٹر افنان کو بہت مارا،شیر افضل مروت نے دوران سماعت بار بار جج طاہر عباس سپرا سے مکالمہ کرنے کی کوشش کی اور کہا جج صاحب میری بھی سن لیں۔
جج نے کہا شیر افضل مروت مجھے سن لو آپ، آپ ہر جگہ پروگرام بناناشروع کر دیتے ہو، جج کے ریمارکس پر عدالت میں قہقہے لگ گئے،بعدازاںڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد شیر افضل مروت کی ضمانت کنفرم کر دی۔
شیر افضل مروت شوگر کے مریض ہیں تو علاج کرائیں‘ عدالت
















