ساہیوال(بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے تمام سرکاری ہسپتالوں اور مراکز صحت پر مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے حکومت ہسپتالوں میں ادویات کی دستیابی پر کروڑوں روپے خرچ کر رہی ہے جس کا براہ راست فائدہ غریب مریضوں کو پہنچنا چاہیے۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کی صورت حال کا جائزہ لینے کےلئے منعقدہ خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اکرام الحق، امتیازاحمد خان کھچی، ڈاکٹر ذیشان حنیف، ایڈیشنل کمشنر کوارڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر اور سی ای اوز ہیلتھ اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا ساہیوال، اوکاڑہ اور پاک پتن کی ڈسٹرکت ہیلتھ اتھارٹیز کو مالی سال2023-24میں ادویات کی خریداری کےلئے بالترتیب 11 کروڑ 90لاکھ روپے، 36کروڑ30لاکھ روپے اور15کروڑ40لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں جن میں سے اب تک7کروڑ30لاکھ، 5کروڑ66لاکھ اور 18کروڑ80لاکھ روپے ادویات خریداری کےلئے آرڈر جاری کیے جا چکے ہیں، کمشنر نے ہدایت کی ایمرجنسی میں استعمال ہونے والی ادویات کی خریداری پر خصوصی توجہ دی جائے جبکہ جو ادویات دستیاب نہیں اس سے متعلق سیکرٹری ہیلتھ کو فوری آگاہ کیا جائے، انہوں نے تمام ہسپتالوں اور مراکز صحت پر نوزائیدہ بچوں کو لگائے جانے والے ٹیکوں کی دستیابی کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
مزید برآں ساہیوال ڈویژن میں غیر قانونی مقیم افراد کو ڈی پورٹ کرنے کا میکانزم طے کرنے کےلئے کمشنر آفس میں خصوصی اجلاس کی صدارت کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کی جس میں ڈپٹی کمشنر ساہیوال اکرام الحق، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، تینوں اضلاع کے ڈی پی اوز ساہیوال فیصل شہزاد،اوکاڑہ کیپٹن (ر) منصور امان، پاکپتن طارق ولائیت سمیت نادرا، کسٹم اور متعلقہ اداروں کے افسران نے بھی شرکت کی، کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا وفاقی حکومت کی ہدایات کے مطابق ڈویژن بھر میں رہائش پذیرایسے تمام افراد کا ڈیٹا مرتب کیا جائے تاکہ انہیں 31اکتوبر کے بعد پالیسی کے مطابق ڈی پورٹ کیا جا سکے، اجلاس میں بتایا گیا ڈویژن بھر میں 191غیر ملکی افراد رہائش پذیر ہیں جن میں 45کے پاس ویزےموجود ہیں جبکہ6کے ویزے اور140افراد کے ریفیوجی کارڈز کی معیاد ختم ہو چکی ہے اور وہ غیر قانونی طور پر رہائش پذیر ہیں اور ان میں سے زیادہ ترافراد کا تعلق افغانستان سے ہے۔
سرکاری ہسپتالوں، مراکز صحت میں طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے،کمشنر ساہیوال

















