ساہیوال میں تجاوزات کی بھرمار پر کمشنر برہم ، آپریشن جاری رکھنے کا حکم

ساہیوال(بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا شہر کے کمرشل علاقوں کا تفصیلی دورہ، بازاروں میں تجاوزات پر اظہار ناراضگی تفصیلات کے مطابق کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے دیپال پور بازار، پاک پتن بازار، حیدری محلہ، گھڑے والا بازار، شربت بازار اور ملحقہ بازاروں کا تفصیلی دورہ کیا اور تجاوزات کا جائزہ لیا، انہوں نے پیدل گزرنے کی جگہ ہی نہ ہونے پر ناراضگی کا اظہار کیا اور میونسپل آفیسر ریگولیشن اشفاق لودھی کو سختی سے ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر تمام بازاروں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رکھا جائے اور ضبط شدہ سامان کو15دن تک واپس نہ کیا جائے ۔

بعدازاں اپنے دفتر میں میونسپل کارپوریشن اور پسپ پروگرام پر جاری کام کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے ہائی سٹریٹ اور علامہ اقبال روڈ کی تعمیر مقرر کردہ ڈیڈ لائن 28اکتوبر تک ہر حال میں مکمل کرنے کی ہدایت کی، اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر، چیف آفیسر ضلع کونسل محمد نواز، میونسپل آفیسر غلام عباس، پسپ پروگرام کے سٹی مینجر محمد اسجد خان، انفراسٹرکچر انجینئر حمزہ چوہان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔