حلقہ بندیوں پر فافن کا تجزیہ غلط فہمی پر مبنی ہے، الیکشن کمیشن

اسلام آباد(بیورورپورٹ)الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں پر فافن کے تجزئیے کو غلط فہمی پر مبنی قراردےدیا۔

الیکشن کمیشن نے وضاحتی بیان میں کہاابتدائی حلقہ بندیوں پر تجزیہ غلط فہمی پر مبنی ہے، آرٹیکل 51 کے تحت قومی اسمبلی کی 266 نشستیں صوبوں کے درمیان آبادی کی بنیاد پر تقسیم کی گئیں، صوبے کی مختص شدہ نشستوں و آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبے کا کوٹہ نکالا گیا،فافن نے صوبے کے کوٹے کو یونٹ کے طور پر لیا اور بنیادی انتظامی یونٹ کو نظر انداز کیا جس سے ابہام پیدا ہوا۔

ای سی پی نے کہاالیکشن رولز 2017 کے رول 8 (2) کے تحت ہر ضلع کو سیٹیں ایلوکیٹ کی گئیں، ہر ضلع کی آبادی و سیٹوں کو مد نظر رکھتے ہوئے حلقہ بندی کی گئی، فافن نے آبادی میں فرق کا تجزیہ کرتے وقت ضلعی یونٹ کو سیٹوں کے تعین کےلئے نہیں لیا۔

بیان میں کہا گیا انتخابی حلقوں میں 10فیصد آبادی میں کمی و بیشی کی صورت میں وجوہات درج کی جانی ضروری ہیں،مارکڈ نقشے الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد میں قائم سہولت مرکز سے بھی حاصل کیے جاسکتے ہیں،بتدائی حلقہ بندی میں اگر غلطی پائی گئی تو اعتراضات کی سماعت کے دوران درست کیا جائے گا۔