انسانی اعضا کی غیرقانونی پیوند کاری میں ملوث گینگ سرغنہ سمیت گرفتار

لاہور (ہیلتھ رپورٹر،خبر نگار)وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے انسانی اعضاکی غیرقانونی پیوند کاری میں ملوث گینگ کو سرغنہ سمیت گرفتار کر لیا ۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ڈاکٹر فواد گردوں کے غیرقانونی ٹرانسپلانٹ کے گینگ کا سرغنہ ہے، ڈاکٹرفواد نے تسلیم کیا لوگوں کے غیرقانونی آپریشنز کئے، ڈاکٹر فواد کو پہلے بھی غیرقانونی پیوندکاری پرگرفتار کیا جا چکا ،محسن نقوی نے کہا ڈاکٹرفواد کے پورے گینگ کو گرفتار کر لیا ،8 لوگوں کا گروپ غیرقانونی آپریشن کرتا تھا، لاہور، ٹیکسلا اور آزاد کشمیر میں غیرقانونی آپریشنز کئے جارہے تھے، 328 افراد کے گردے نکالے گئے ،ریکارڈ سامنے آچکا۔

محسن نقوی نے کہاگینگ ایک ٹرانسپلانٹ کا 30لاکھ روپے لیتا تھا، بیرون ممالک لوگوں سے ایک کیس کا ایک کروڑ لیتے رہے، پولیس بہترین اندازمیں اپناکام کررہی ہے، دن رات کام کر کے گینگ کو گرفتار کیاگیا،لوگوں کی گرفتاری پر پولیس پر بہت دباﺅ آیا، ملزموں کے ٹرائل پرمشاورت ہورہی ہے، ضرورت پڑی تو کیس ایف آئی اے کے حوالے کریں گے۔

دریں اثنا نگران وزےراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اپ گریڈیشن کے بعد کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج یونیورسٹی کے ابن سینا ریڈنگ روم و کیفے ٹیریا کا افتتاح کردیا،محسن نقوی نے پنجاب کابینہ کے ہمراہ اپ گریڈڈ ریڈنگ روم و کیفے ٹیریاکا دورہ کیا،ریڈنگ روم او رکیفے ٹیریا میں موجود ڈاکٹرز سے ملاقات کی ،سہولتوں کا استفسار کیا، ڈاکٹرزنے ریڈنگ روم ورکیفے ٹیریا کی اپ گریڈیشن پر وزیراعلیٰ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔

محسن نقوی نے افتتاح کے بعد ڈاکٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہاسٹوڈنٹس کو ریڈنگ روم ونیا کیفے ٹیریا مبارک ہو،چندماہ پہلے دورے پر دیکھا تو کیفے ٹیریا کی حالت ابتر تھی،ریڈنگ روم کے اے سی خراب ، ڈسٹ و بری حالت تھی،ریڈنگ روم انٹرنیشنل سٹینڈرڈ کا بن گیا اب خیال رکھنا آپ کی ذمہ داری ہے،مجھے اصل خوشی تب ہوگی جب پورا میو ہسپتال اپ گریڈ ہوجائےگا۔

وزیراعلیٰ نے کہاامید ہے 31جنوری تک میو ہسپتال اپ گریڈ ہو جائے گا،ہسپتال انتظامیہ اپ گریڈیشن کے کام کی اونر شپ لے گی اور کام جلد ہوجائےگا،میں ہر فلور پر جا کر جاری کام کی پیشرفت کاجائزہ لیتا ہوں،میو ہسپتال کا آﺅٹ ڈور بھی نیا بنایا جائے گا،ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے لئے جتنے فنڈز درکار ہوئے مہیا کریںگے، ایمرجنسی میں انتہائی نگہداشت کے ڈاکٹرز نہیں ،ڈاکٹرز کو لاناہے ،خواہ بیرون ملک سے ڈاکٹرز کی خدمات حاصل کی جائیں۔

علاوہ ازیں اپنے بیان میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا عوامی جمہوریہ چین کے قومی دن پرچین کے صدر، وزیراعظم و دیگر قیادت کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں،چین پاکستان کا بہترین ہمسایہ دوست اورسٹرٹیجک پارٹنر ہے، چین کی نمایاں کامیابیاں پاکستان سمیت تمام ترقی پذیر ممالک کے لیے قابل تقلیدہے،محسن نقوی نے کہاپاک چین تعلقات نے وقت کی کسوٹی پر ڈٹ کر مقابلہ کیااور مضبوط سے مضبوط تر ہوتے رہیں گے،سی پیک گیم چینجر ہے جودونوں ممالک کے عوام کو بے پناہ ثمرات فراہم کر رہاہے،حکومت اور عوام اپنے چینی بھائیوں کےساتھ کھڑے رہیں گے۔

مزید برآں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے میانوالی میں عیسی خیل کنڈل چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پٹرولنگ پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاپنجاب پولیس کے بہادر سپوتوں نے جرات و بہادری سے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا،محسن نقوی نے کہا حملہ ناکام بنانے والے پولیس اہلکاروں کو شاباش دیتا ہوں،شہید ہارون خان کے اہلخانہ کی ہر ممکن دیکھ بھال کی جائےگی۔