ساہیوال(بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سیدنے کہا ہے پسپ پراجیکٹ کے منصوبوں کی تکمیل سے ساہیوال کے شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی وافر فراہمی ممکن ہو گی اور شہر کے سیوریج کے مسائل حل ہوں گے،ضرورت اس امر کی ہے کہ جاری منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے تاکہ انہیں بروقت مکمل کیا جا سکے،منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر سے شہری شدید مسائل کا شکار ہیں جنہیں ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جانا ضروری ہے۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں ایشیائی ڈویلپمنٹ بینک کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کہی جس نے پسپ پروگرام کا جائزہ لینے کےلئے شہر کا دورہ کیا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ساہیوال اکرام الحق، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈپٹی پروگرام ڈائریکٹر پسپ عمر طیب، ایشیائی ڈویلپمنٹ بینک کے نمائندوں ایم ارسلان اور ایم ریحان، چیف انجینئر پسپ ایم طاہر اور سٹی منیجر پسپ ایم اسجد خان نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے پینے کے صاف پانی کے جاری منصوبے میں شہر کی رہ جانے والی 2 یونین کونسلز کو بھی شامل کرنے کی تجویز دی تاکہ منصوبے سے تمام شہریوں کو یکساں فائدہ پہنچ سکے،انہوں نے چینی کمپنی کی طرف سے کام کی سست رفتاری کا معاملہ بھی اٹھایا۔
کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے شہر کےلئے جدید لینڈ فل سائٹ کو فعال کرنے کا بھی مطالبہ کیا تاکہ شہر کے کوڑا کرکٹ کو جدید طریقوں سے ڈسپوز کیا جا سکے، اجلاس میں بتایا گیا کہ شہر میں جاری تمام منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا گیا جس سے ٹائم فریم کے اندر مکمل کرنے میں بڑی مدد ملے گی، بعدمیں وفد نے علامہ اقبال روڈ، ہائی سٹرےٹ روڈ، فتح شےر روڈ، جھال روڈ اوور ہےڈ برج اور پاک پتن روڈکا دورہ کےا اور جاری منصوبوں کا معائنہ کیا اور ان پر کام کے معیار کو چیک کیا اور یقین دلایا کہ جاری تمام منصوبے جون2024تک مکمل کر لئے جائیں گے،کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے شہر میں بغیر منظوری تعمیر ہونے والی کمرشل عمارات کے خلاف جاری مہم تیز کرنے اور بلڈنگ پلان منظور کرنے کے کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔ کارپوریشن کی بلڈنگ برانچ نقشہ جات کی منظوری کا کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرے۔ وہ میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد، میونسپل آفیسر غلام عباس، اسسٹنٹ کمشنرزمیاں ارشد ندیم اور علیزہ ریحان سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں چیف آفیسر شیخ اشفاق احمد نے بتایا کہ بغیر منظوری عمارات کی تعمیر کے خلاف کاروائیاں روزانہ کی بنیاد پر جاری ہیں اور صرف ایک روز26ستمبر کو2لاکھ22ہزار9سو روپے کی ریکوری کی گئی جبکہ اڈا فیس کی مد میں 41100 روپے اور17100روپے جمع کئے گئے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کوٹ اللہ دین نمبر1کے ایم سی گرلز سکول کے سامنے سے جانوروں کے باڑے اور تجاوزات ختم کرانے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کارپوریشن کے عملے کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر پختہ اور عارضی تجاوزات کو ختم کیا جائے۔
پسپ پراجیکٹ کی تکمیل سے شہریوں کوصاف پانی کی فراہمی ممکن ہو گی،کمشنر ساہیوال

















