پارلیمنٹ قانون سازی کر دے تو عمل کرنا سب پر لازم ہے، چیف جسٹس

اسلام آباد (بیورورپورٹ)سپریم کورٹ نے ایف بی آر کو تمام آرڈرز اور نوٹیفکیشنز ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کا حکم دےدیا۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دئیے پارلیمنٹ قانون سازی کر دے تو عمل کرنا لازم ہوتا ہے، عدالت اور ہم سب کا کام پارلیمنٹ کے بنائے قانون پر عمل کرنا ہے۔

انکم ٹیکس کمشنر کے ٹیکس تشخیص کے اختیار پرنظرثانی کیس کی سماعت چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کی،عدالت نے کمشنر ان لینڈ ریونیو ایف بی آر کی نظر ثانی درخواست خارج کر دی،سپریم کورٹ نے کہا ٹیکس وصولی کے سب سے بڑے ادارے ایف بی آر کو شفاف ہونا چاہیے، ایف بی آر شفاف نہیں ہو گا تو عوام کا اعتماد کیسے حاصل کرےگا؟ ایف بی آر شفاف نہیں ہوگا تو عوام کو ٹیکس ادائیگی پر آمادہ کیسے کرے گا؟۔

سپریم کورٹ نے انکم ٹیکس کمشنر کو عدالت کا وقت ضائع کرنے پر 10 ہزار کا جرمانہ عائد کرتے ہوئے ایک ہفتے میں جرمانہ کسی فلاحی ادارے کو ادا کر کے رسید جمع کرانے کا حکم دےدیا،وکیل نے کہا کمشنر ان لینڈ ریونیو پشاور نے ٹیکس کی تشخیص کے اختیارات ڈپٹی کمشنر کو دئیے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیاکمشنر ان لینڈ ریونیو پشاور نے اپنے تمام اختیارات ڈپٹی کمشنر کو کیسے منتقل کر دئیے؟ انکم ٹیکس آرڈیننس کے سیکشن 122 کے تحت کمشنر اپنے اختیارات کسی کو دینے کا مجاز نہیں، اختیارات منتقلی کا گزٹ نوٹیفکیشن کہاں ہے؟ایف بی آر کے وکیل نے کہا اختیارات منتقلی آرڈر ہوا تھا لیکن پبلش نہیں کیا گیا۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سوال کیا ایف بی آر اپنے آرڈرز چھپا کر کیوں رکھتا ہے؟ ایف بی آر کیا آرڈرز کی اشاعت اس لیے نہیں کرتا مخصوص کیسز میں استعمال کر سکے؟ کیس عدالت کا وقت ضائع کرنے کی کلاسک مثال ہے، سپریم کورٹ نے 2022 میں فیصلہ دیا کمشنر صرف ٹیکس کا تعین کر سکتا ہے، کمشنر اختیارات منتقل نہیں کر سکتا، جب مقننہ قانون سازی کر دے تو عمل کرنا لازم ہوتا ہے، عدالت اور ہم سب کا کام پارلیمنٹ کے بنائے قانون پر عمل کرنا ہے۔

عدالت نے حکم دیا سپریم کورٹ کے حکم نامے کی کاپی ایف بی آر کمشنر اورتمام ڈائریکٹرز و حکام کو ارسال کی جائے۔