گیس بم بھی تیار،گھریلو صارفین کیلئے قیمت بڑھائیں گے،نگران حکومت

لاہور(کامرس رپورٹر)حکومت نے گیس بم بھی تیار کرلیا،وزیر توانائی ایم علی نے کہا ہے گیس سیکٹر کو یومیہ 100 کروڑ کا نقصان ہورہا ہے،پورا کرنے کیلئے گھریلو صارفین کیلئے قیمت بڑھائیں گے۔

لاہور چیمبر میں خطاب کرتے ہوئے وزیر توانائی نے کہاگیس ٹیرف میں وراثتی فرق ملا ،گیس قیمت کا فرق ٹھیک کرنے کےلئے ورکنگ مکمل کرلی جس صوبے سے گیس نکلتی اسے گیس دینا پہلا حق ہے۔

ایم علی نے کہایومیہ 100 کروڑ جبکہ گیس سیکٹر کو سالانہ 3000 کروڑ کا نقصان ہے،گیس ذخائر پرکام کرنےوالی کمپنیاں جا چکیں ،پورے ملک میں گیس کی قلت ہے، آئی ایم ایف پروگرام میں ہیں ،قیمت کم نہیں کر سکتے بلکہ معاہدے کے تحت گھریلو صارفین کیلئے قیمت بڑھائیں گے،نرخوں میں اضافہ ناگزیر ہے۔

وزیر توانائی نے کہاکم آمدنی والے طبقے کےلئے گیس قیمت میں اضافہ نہیں ہوگا، شہروں میں امیر بھی سستی گیس استعمال کرتے ہیں، طریقہ کار کسی طرح مناسب نہیں ،ملکی ضروریات کو پورا کرنے کےلئے ایل این جی درآمد کریں گے،زیادہ سے زیادہ کارگو منگوانے کی کوشش کر رہے ہیں، رواں سال ایکسپورٹ 37 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف ہے،انڈسٹری کو بجلی و گیس کی فراہمی ترجیح ہے، ملک میں ٹیکس نیٹ کوبڑھانا ہوگا۔

ایم علی نے مزید کہاڈسکوز بورڈز کو بہتر کریں گے، مسائل کا حل ہفتوں میں نہیں ہوسکتا کچھ وقت لگے گا، ملکی انڈسٹری چلنے سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، نجکاری کیلئے کام شروع ہو گیا ۔