پنجاب میں پہلی بارمفلوج افراد کے بحالی مراکز کاقیام


لاہور (ہیلتھ رپورٹر) وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر 5 شہروں میں مفلوج اور معذور افراد کیلئے خصوصی بحالی مراکز (پیراپلیجک سنٹرز) قائم کئے جا رہے ہیں۔

پراجیکٹ کا مقصدزبان، ہاتھ، بازو، ٹانگ اور پیر سمیت جسم کے کسی بھی حصے کے ناکارہ ہونے کے خطرے سے دوچار مریضوں کو مستقل معذوری سے بچانا ہے،پنجاب میں ایک مرکزی بحالی سنٹراور چار سیٹلائٹ سینٹرز قائم کئے جائیں گے، مرکزی بحالی سنٹر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال ملتان میں قائم کیا جائے گا جو 30بیڈز پر مشتمل ہو گا اور ریڑھ کی ہڈی کے آپریشن سمیت جدید ترین سہولتوں سے لیس ہوگا،چار سیٹلائٹ بحالی مراکز لاہور، فیصل آباد، تونسہ اور واہ کینٹ ضلع راولپنڈی میں بنائے جائیں گے۔

تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال سمن آباد لاہور میں 20بیڈز پر مشتمل پہلے پیرا پلیجک سنٹر کا افتتاح بہت جلد کر دیا جائے گا،دیگر بحالی مراکز نصرت فتح علی ہسپتال فیصل آباد، تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال تونسہ اور واہ کینٹ جنرل ہسپتال میں قائم کئے جائیں گے۔