لاہور (اپنے نمائندے سے) لاہور کینال برانچ کے ڈائریکٹر کا گرین بیلٹ پر نجی ہاﺅسنگ سوسائٹیز کا راستہ بنانے اور تجاوزات قائم کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کرنے کی بجائے سہولت کار کا کردار محفوظ راستہ فراہم کرنے کی خاطر عارضی طور پر لاکھوں روپے کے پودے لگا کر افسران کو ”سب اچھا“ کی رپورٹ دیدی گئی۔تفصیلات کے مطابق پی ایچ اے انتظامیہ کی جانب سے ڈپٹی ڈائریکٹر نرسریز رنگ روڈ عبداللہ نثار کو 17اگست 2023کو ایڈیشنل چارج آرڈر نمبر da/pha/08-23/969کے تحت ڈائریکٹر لاہور برانچ کینال پی ایچ اے دیا گیا جس پر مبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے سپروائزر رنگ روڈ نرسریز اصغر بھٹی کو تحریری احکامات کے بغیر لاہور کینال برانچ کے علاقہ کی ذمہ داری تفویض کی گئی جس پر لاہور کینال کے اطراف میں گرین بیلٹ کو مافیا کے سپرد کردیا گیا۔ مختلف مقامات پر گرین بیلٹ پر عارضی اور مستقل تجاوزات قائم کروانے کے ساتھ ساتھ نجی ہاﺅسنگ سوسائٹیز کو راستہ بنانے کی مد میں مبینہ طور پر ذاتی فیس کی وصولی کرنے کا انکشاف کیا گیا ہے جس سے گرین بیلٹ کی خوبصورتی کو تباہ برباد کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح مختلف اہم مقامات پر ریڑھی مافیا کو کاروبار کرنے کی خاطر عارضی طور پر ریستوران قائم کرنے کی خاطر ہزاروں روپے ماہانہ کی وصولی کرکے سہولت کارکا کردار ادا کیا جا رہا ہے۔ لاہور کینال برانچ کے ڈائریکٹر اور سپروائزر کی جانب سے عارضی طور پر مافیا کی جانب سے قائم عارضی اور مستقل تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے کے پودے لگائے گئے لیکن تجاوزات مافیا اور نجی ہاﺅسنگ سوسائٹیز انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی بجائے ان کو محفوظ راستہ فراہم کرنے کی منصوبہ اختیار کرتے ہوئے فوٹو سیشن کارروائی کرتے ہوئے افسران کو ”سب اچھا“ کی رپورٹ دےدی گئی ہے۔ کینال لاہور کے 200سے زائد طویل گرین بیلٹ کا حسن مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر لاہور کینال برانچ عبداللہ نثار نے روزنامہ ”مشرق“ کو بتایا کہ تمام تجاوزات اور راستوں کا خاتمہ کیا گیا ہے۔ سپر وائزر اصغر بھٹی کے کینال لاہور تعیناتی کے حکامات کر دئیے ہیں لیکن دو روز گزرنے کے بعد ان کی جانب سے تحریری سپروائزر کی تعیناتی کے احکامات کی کاپی فراہم نہیں کی گئی ۔
پی ایچ اے لاہور کینال برانچ، گرین بیلٹ میں لاکھوں کے پودے لگا کر افسران کو ”سب اچھا“ کی رپورٹ


















